پولیو مہم میں غفلت برتنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے نواز سوہو

بچوں کومعذوری سےبچانا اورضلع ٹھٹھہ کوپولیوفری بنانا اولین ترجیح ہے، شہری ٹیموں سے تعاون کریں،ڈپٹی کمشنر، اجلاس سے خطاب


Nama Nigar April 04, 2013
افسران عوام میں شعور بیدار کرنے کیلیے ریلیوں کا اہتمام کریں، سہ روزہ مہم کے دوران 2 لاکھ 76 ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے.فوٹو: فائل

ڈپٹی کمشنر محمد نواز سوہو نے کہا ہے کہ گزشتہ پولیو مہم میں لاپرواہی اور غفلت برتنے پر ضلع کے 11 یونین کونسلوں کے سیکریٹریز کو معطل کیا گیا ہے۔

جبکہ آئندہ پولیو مہم کے دوران غفلت برتنے والے افسران کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے مکلی میں15 اپریل سے شروع ہونے والی سہ روزہ قومی پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے میں مدد دیں۔

تاکہ ضلع کو ہمیشہ کے لیے پولیو سے پاک کیا جا سکے۔ انہوں نے ضلع بھر کے عوام بالخصوص والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں رہنے والے بچے اس ملک کا سرمایہ ہیں۔



جن کو مستقبل میں معذوری سے بچانے کیلیے ہم سب کو مل کر عملی جدوجہد کرنی ہوگی۔ محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اپنے اپنے علاقوں میں ریلیاں نکالیں تاکہ عوام میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔ قبل ازیں ڈاکٹر غلام قادر شیخ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پولیو مہم کے دوران ضلع میں 2 لاکھ 76 ہزار 625 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 8 تحصیل اور 55 یو سی فوکل پرسن، 145 ایریا انچارج، 629 موبائل اور 82 فکسڈ ٹیمیں جبکہ 38 ٹرانزٹ پوائنٹس تشکیل دی گئی ہیں ۔

پولیو سے متعلق مقرر یو سی فوکل پرسنز نے فیلڈ میں درپیش مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا۔ اجلاس اے ڈی سے ون کرم الدین پنہیار، اے ڈی سی ٹو محمد اسماعیل میمن، ڈی ایچ او آغا افتخار احمد، اے ڈی ایل جی فضل کریم سومرو کے علاوہ ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، پی پی ایچ آئی اور حیسکو کے نمائدوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

مقبول خبریں