کورنگی دھماکا شہید رینجرز اہلکاروں کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ

حوالدار امانت، سپاہی ماجد،سیف اﷲ اور محمد عرفان کی نماز جنازہ سر کاری اعزاز کے ساتھ ملیر ہالٹ میں ادا کی گئی۔


Staff Reporter April 05, 2013
کورنگی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے قریب رینجرز کے ٹرک پر دہشت گرد وں کی جانب سے نصب بم حملے میں شہید ہونے والے سپاہیوں کی یاد گار تصاویر ۔ فوٹو : فائل

کورنگی بم دھماکے میں شہید پاکستان رینجرز سندھ کے جوانوں کی میتیں آبائی علاقوںکو روانہ کردی گئیں۔

ادھر کورنگی میں 43 ونگ بھٹائی رینجرز سندھ ہیڈ کوارٹرز کے قریب رینجرز کے ٹرک پر بم حملے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت عوامی کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر5 سوک سینٹر کے قریب واقع43ونگ بھٹائی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے کے سامنے رینجرز کے ٹرک پر کیے جانے والے بم حملے میں جام شہادت نوش کرجانیوالے رینجرز کے حوالدار امانت علی، سپاہی ماجد ، سپاہی سیف اﷲ اور سپاہی محمد عرفان کی نماز جنازہ پورے سر کاری اعزاز کے ساتھ ملیر ہالٹ پر واقع بھٹائی رینجرز کے ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل رضوان اختر، کرنل شفیق دیگر سینئر رینجرز افسران کے علاوہ رینجرز کے جوان بڑی تعداد میں شریک ہوئے، نماز جنازہ کے بعد بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے حوالدار امانت علی کی میت شکر گڑھ ، سپاہی عرفان احمد کی اٹک ، سپاہی ماجد کی بہاولپور اور سپاہی سیف اﷲ کی میت رحیم یار خان روانہ کردی گئی ہیں۔



جہاں انھیں اپنے اپنے آبائی علاقوں میں سر کاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا جائے گا، علاوہ ازیںکورنگی میں43 ونگ بھٹائی رینجرز سندھ ہیڈ کوارٹرز کے قریب رینجرز کے ٹرک پر بم حملے کا مقدمہ نمبر 103/2013 رینجرز حوالدار خاکان ولد محمد حنیف کی مدعیت میں عوامی کالونی تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا، عوامی کالونی پولیس کے مطابق بم حملے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 7ATA، ایکسپلوزیو ایکٹ 3/4 سمیت دیگر دفعات 302،324 اور427 کے تحت درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ بدھ کو عوامی کالونی تھانے کی حدود میں واقع 43 ونگ بھٹائی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے کے سامنے رینجرز کے ٹرک پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے جانے والے بم دھماکے میں پاکستان رینجرز سندھ کے4 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے تھے اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔