زرداری اورنیازی مل کربھی ہم پرنہیں بھاری، شہبازشریف

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018

 اسلام آباد: صدرمسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اورعمران خان نیازی مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ یہ لمحہ میری زندگی کا بہت اہم لیکن مشکل مرحلہ ہے، مجھ سمیت پارٹی کا کوئی بھی رکن نوازشریف کی جگہ نہیں لے سکتا، نوازشریف کل بھی ہمارے قائد تھے، ہیں اوررہیں گے۔ پاکستان بھرکے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نوازشریف جیسا قائد نصیب ہوا اورنواز شریف  قوم کے وہ رہنما ہیں جنہیں قائد اعظم کا سیاسی وارث قراردیا جا چکا ہے جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن قائد اعظم اور علامہ اقبال کی وارث جماعت ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ میں نے تیس سال سے زائد نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی، ایٹمی دھماکوں سے ملک کو ناقابل تسخیربنانے والے قائد نے امریکا کے پانچ ارب ڈالرکو ٹھکرادیا، ایٹمی دھماکوں سے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والے نواز شریف نے ملکی مفاد کو ترجیح دی اور نواز شریف کو بانی پاکستان کے بعد نواز کو مدبر تسلیم کرنے پر مجبور ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ہمارے لیڈر نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن میرا دل کہتا ہے نوازشریف کو انصاف ضرور ملے گا، وہ دن ضرورآئے گا جب نوازشریف کے ساتھ زیادتی کا ازالہ ہوگا۔ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام پربڑا دھوکا اورفراڈ ہوا، عمران خان  نیازی اور آصف زرداری مل کر بھی ہم پرنہیں بھاری۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔