چیمپیئنز ٹرافی کے کمزور امیدوار پہلے امتحان میں فیل

پریذیڈنٹ کپ میں شعیب ملک ایک رن بنا سکے، کامران 15اور عمراکمل20 رنز تک محدود،مصباح نے سنچری جڑ دی


Sports Reporter April 06, 2013
پریذیڈنٹ ٹرافی: زرعی بینک کے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن ، این بی پی کیخلاف وہ وکٹ سے محروم رہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: چیمپئنز ٹرافی کے کمزور امیدوار پہلے امتحان میں فیل ہو گئے۔

پریذیڈنٹ کپ کے افتتاحی میچ میں شعیب ملک ایک رن بنا سکے، وہ بولنگ میں وکٹ سے بھی محروم رہے،کامران اکمل15جبکہ عمر اکمل20 رنز تک محدود رہے، مصباح الحق نے ٹوئنٹی20 سپر 8 ٹورنامنٹ کی فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ناقابل شکست سنچری جڑ دی، بولرز میں سعید اجمل ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے ممکنہ پلیئرز میں شامل اسٹار پلیئرزکی اکثریت پریذیڈنٹ کپ کے پہلے روز متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو گئی۔

نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں واپڈا نے پی آئی اے کو 8 وکٹ سے شکست دی، ناکام ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے، شعیب ملک صرف ایک رن بنا سکے، فیصل اقبال 73 اور شہر یار غنی 51 رنز کیساتھ نمایاں رہے، واپڈا نے ریٹائرڈ ہرٹ رفعت اللہ مہمند (91)، صہیب مقصود (74) اور عامر سجاد (57) کی بدولت ہدف 45.3 اوورز میں حاصل کر لیا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل بینک نے زرعی ترقیاتی بینک کو 6 وکٹ سے ہرایا، ناکام ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 283 رنز بنائے۔



شرجیل خان 87، حسین طلعت 67اور شاہد یوسف 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نیشنل بینک نے ہدف 47.4 اوورز میں حاصل کیا، حماد اعظم نے ناقابل شکست 74، سمیع اسلم نے59 اور عمر وحید نے اتنے ہی رنز اسکور کیے، کامران کی اننگز 15 تک محدود رہی، سعید کوئی وکٹ نہ حاصل کر پائے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سوئی ناردرن گیس نے کے آر ایل کو 4 وکٹ سے زیر کیا، ناکام سائیڈ نے 8 وکٹ پر 278 رنز بنائے، محمد یاسین نے63 جبکہ شعیب احمد اور سعید انور جونیئر نے 59،59رنز اسکور کیے،اسد علی نے 4 وکٹیں لیں۔

سوئی نادرن گیس نے ہدف 48.5 اوورز میں حاصل کیا، محمد حفیظ 24 اور عمراکمل 20 رنز بنا سکے، مصباح الحق نے ناقابل شکست 119 اور اظہر علی نے 79 رنز بنا کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، یاسر عرفات کی 3 وکٹیں بے کار گئیں۔ اسٹیٹ بینک نے یونائٹیڈ بینک کو 31 رنز سے ہرا دیا، فاتح ٹیم نے گلریز صدف اور رمیز راجہ کے 72، 72 اور کاشف صدیق کے 54 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 298 رنز بنائے، رومان رئیس اور کاشف بھٹی نے 3،3 وکٹیں لیں، یونائٹیڈ بینک کی ٹیم 44.3 اوورز 267میں ڈھیر ہو گئی، خاقان ارسل 75، سعد سخیل 43 کیساتھ نمایاں رہے، حسن محمود 6 وکٹیں لے اڑے، سعد الطاف نے 2 کو پویلین بھیجا۔