پاکستان کا دورۂ ویسٹ انڈیز کھٹائی میں پڑ گیا

دونوں کرکٹ بورڈز ٹیموں کی انٹرنیشنل مصروفیات میں سے وقت نکالنے میں ناکام.


Sports Reporter April 06, 2013
پی سی بی نے ادھوری سیریزکھیلنے کے بجائے اگست میں زمبابوے ٹورکافیصلہ کرلیا فوٹو: فائل

پاکستان کا دورۂ ویسٹ انڈیز کھٹائی میں پڑ گیا، دونوں کرکٹ بورڈز اپنی ٹیموں کی انٹرنیشنل مصروفیات میں سے وقت نکالنے میں ناکام رہے۔

مقابلوں کا انعقاد آئندہ سال تک موخر کیے جانے کا خدشہ ہوگیا، پی سی بی نے ادھوری سیریزکھیلنے کے بجائے اگست میں زمبابوے کے ٹور کو ترجیح دینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستانی ٹیم کو رواں سال جون کے آخری ہفتے میں ویسٹ انڈیز کا ایک ماہ کا دورہ کرنا تھا،اس میں 2ٹیسٹ، 5ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی20 میچ شیڈول تھے، کیریبیئن کرکٹ بورڈ نے اسی دورانیے میں بھارت اور سری لنکا سے سہ ملکی سیریز کے معاملات طے کرلیے، ساتھ ہی پی سی بی کو دورہ اگست میں شیڈول کرنے کا پیغام بھی دیا۔



اس وقفے میں پاکستان ایک طرف بھارت کی میزبانی کیلیے پر تول رہا تھا، دوسرے زمبابوے کے ساتھ سیریز کا بھی پلان بنایا جاچکا تھا۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ایف ٹی پی کے تحت مقابلے ہماری پہلی ترجیح ہیں مگر ویسٹ انڈیز نے سہ ملکی سیریز طے کرکے مشکل صورتحال پیدا کردی، ہمارے پاس نیا شیڈول طے کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا لیکن طویل سوچ بچار کے باوجود کوئی موزوں وقت دستیاب نہیںہوسکا،انھوں نے کہا کہ اس سے قبل دورہ کو مختصر کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی مگر ہم پوری سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز ایک بڑی ٹیم ہے، اس کے بورڈ سے ہمارے دوستانہ مراسم بھی ہیں ، امید ہے کہ موخر ہونے والے مقابلوں کے آئندہ سال انعقاد کا موقع بن جائے گا۔ یاد رہے کہ دسمبر میں پاکستان ٹیم کے کامیاب دورئہ بھارت کے بعد اگست میں بلو شرٹس کے جوابی ٹور کی توقع کی جارہی تھی لیکن خدشات کے عین مطابق بی سی سی آئی نے انکار کردیا۔ دسمبر 2012 میں گرین شرٹس کی بھارت میں مصروفیات کے سبب زمبابوے ٹور کے 2ٹیسٹ، 3ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی20 میچ ملتوی ہوگئے تھے، ویسٹ انڈیز کی صورتحال واضح ہونے کے بعد امکان ہے کہ پاکستان ٹیم اگست میں زمبابوے کا دورہ کرے گی،اس حوالے سے آئندہ چند روز میں پیش رفت متوقع ہے۔