ویمنز کرکٹ کراچی نے فیصل آباد کو6وکٹ سے زیر کر لیا

زرعی ترقیاتی بینک نے راولپنڈی ریجن کو306 رنز سے شکست دی،ندا ڈار اور بسمہٰ معروف کی سنچریاں، رابعہ شاہ 97پرآئوٹ


Sports Reporter April 06, 2013
زرعی ترقیاتی بینک نے راولپنڈی ریجن کو306 رنز سے شکست دی،ندا ڈار اور بسمہٰ معروف کی سنچریاں، رابعہ شاہ 97پرآئوٹ۔ فائل فوٹو

8 ویں قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں زرعی ترقیاتی بینک نے راولپنڈی ریجن کو306 رنز سے شکست دے دی،ندا ڈار اور بسمہٰ معروف نے سنچریاں جڑیں۔

رابعہ شاہ 97 رنز پر آؤٹ ہوئیں،414 رنز کا تعاقب کرنے والی ناکام ٹیم108پر ڈھیر ہوگئی، کراچی نے فیصل آباد کو6 وکٹ سے زیر کیا۔گروپ بی میں پشاور نے بہاولپور کو 116اور کوئٹہ نے حیدرآباد ریجن کو 123 رنز سے ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گراؤنڈ لاہور میں دفاعی چیمپئن زیڈ ٹی بی ایل نے راولپنڈی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ندا ڈار(100ناٹ آؤٹ) اوربسمہٰ معروف(100) کی سنچریوں نے ٹیم کا اسکور4 وکٹ پر 414 تک پہنچا دیا، رابعہ شاہ97 اور جویریہ خان34 رنز دیگر نمایاں اسکورر تھیں۔

راولپنڈی کی ٹیم بڑے ٹوٹل کا تعاقب کرتے ہوئے 38.5 اوورز میں108 پر ہمت ہار گئی، بدرالنسا35، مدیحہ رشید25 اور عائشہ فرقان24 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں، بسمہٰ معروف اور زیبا منظور نے2,2 وکٹیں حاصل کیں، بسمہٰ کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا، یادرہے کہ زرعی بینک نے جمعرات کے روز لاہور ریجن کو206 رنز سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔ باغ جناح گراؤنڈ لاہور میں گروپ اے کے ایک اور میچ میں کراچی نے فیصل آباد پر6 وکٹ سے فتح پائی، ناکام ٹیم 39اوورزمیں121 پر آؤٹ ہوگئی، وحیدہ اختر نے46 اور شبانہ کوثر نے12 رنز بنائے۔



صبیحہ ذوالفقار اور رامیم شمیم نے3,3 وکٹیں حاصل کیں،فاتح ٹیم نے ہدف باآسانی 30.2 اوورز میں4 وکٹ پرحاصل کرلیا، ارمان خان نے41 اور جویریہ رؤف نے39 رنز جوڑ کر فتح کو آسان بنایا، عظمیٰ یونس 3 پلیئرز کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہیں، رمیم شمیم ویمن آف دی میچ قرار پائیں۔ کنٹری کلب مریدکے میں زون بی کے پہلے میچ میں پشاور نے بہاولپور کو116 رنز سے شکست دی، فاتح سائیڈ 9 وکٹ پر295 رنز بنانے میں کامیاب رہی، زینب خان نے106 اور حاجرہ سرور نے53 رنز اسکور کیے۔

رقیہ اقبال نے6 پلیئرز کو آؤٹ کیا، بہاولپور کی ٹیم34.4 اوورز میں179 تک ہی پہنچ پائی، رقیہ اقبال نے78 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، صباح غفور24 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، زینب خان نے5 وکٹیں بھی اپنے نام کیں، حاجرہ سرور4 پلیئرز کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہیں، زینب میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

اسی میدان پر دوسرے میچ میں کوئٹہ نے حیدر آباد کو123 رنز سے قابو کرلیا، فاتح ٹیم نے232 کا مجموعہ ترتیب دیا، ناہید خان155 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، کشمالہ بتول نے تین جبکہ ساجدہ شاہ نے2 وکٹیں اپنے نام کیں، حیدر آباد کی ٹیم 30 اوورز میں109 رنز پر ہمت ہار گئی، پلیئر آف دی میچ ناہیدہ خان نے 4 اور روبینہ کوثر نے3 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔