بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ کا نانا پاٹیکر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

ویب ڈیسک  منگل 20 مارچ 2018
تنوشری دتہ نے 2008 میں ناناپاٹیکر پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا ان کی وجہ سے میراکیریئرتباہ ہوا؛ فوٹوفائل

تنوشری دتہ نے 2008 میں ناناپاٹیکر پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا ان کی وجہ سے میراکیریئرتباہ ہوا؛ فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ  نے وراسٹائل اداکار ناناپاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے بعد میرا کیرئر تباہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم’’عاشق بنایا آپ نے‘‘سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ تنوشری دتہ اچانک فلم انڈسٹری سے غائب ہوگئی تھیں۔ کچھ عرصہ قبل ان کی چند تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں ان کا حلیہ بالکل بدلاہوا نظرآرہا تھا جب کہ انہوں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  تنوشری دتہ کا  نیا روپ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 مارچ 2008 کو تنوشری دتہ نے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ناناپاٹیکرپر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ گانے کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں غلط طریقے سے چھو اتھا اور وہ نانا پاٹیکر کے ساتھ رقص کا کوئی سین نہیں کریں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ میڈیاکے چند لوگوں نے ان کی کار میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔ اداکارہ نے اس واقعے کے خلاف سینے اینڈ ٹیلی ویژن آرٹسٹ ایسوسی ایشن میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔

اس واقعے کے بعد نانا پاٹیکر نے تنوشری کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرتے ہوئے اپنا بیان جاری کیا تھا کہ تنوشری میری بیٹی کی عمر ہے، مجھے سمجھ میں نہیں آرہا کہ وہ میرے بارے میں اس طرح کی باتیں کیوں کررہی ہیں، میں 35 سال سے فلمی صنعت سے وابستہ ہوں اور آج تک کسی نے میرےبارے میں اس طرح کی بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ اداکارہ تنوشری آخری بار 2010 میں فلم’’راما؛ دی سروایئور‘‘میں نظر آئی تھیں اس کے بعد انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔