شفاف انتخابات ہی ملک و قوم کے مسائل کا حل ہے محنتی

عوام ترازو کو ووٹ دیں، جماعت اسلامی کامیابی کے بعد انصاف فراہم کریگی.


Staff Reporter April 07, 2013
عوام ترازو کو ووٹ دیں، جماعت اسلامی کامیابی کے بعد انصاف فراہم کریگی۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی کراچی اور امیدوار این اے 252 محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہی ملک و قوم کے مسائل کا حل ہے۔

کراچی کے عوام11مئی کو دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف ووٹ دے کر شہر کو یرغمال بنانے والوں کو مسترد کردیں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے دھوراجی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اور امیدوار پی ایس116 نصراللہ خان شجیع نے بھی خطاب کیا، محمد حسین محنتی نے کہاکہ عوام ترازو کو ووٹ دیں، جماعت اسلامی انتخابات میںکامیابی کے بعد حقیقی معنوں میں عدل وانصاف کی فراوانی کرے گی اور عوام خود محسوس کریں گے کہ حالات بدل رہے ہیں۔

 

9

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی قوم کی امید ہے، اسلامی، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب ہم ہی شرمندہ تعبیر کریں گے، کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنایا جائے گا، انھوں نے کہاکہ 65 سالوں تک چہرے بدل بدل کر عوام کا استحصال کرنے والے عناصر اب بے نقاب ہوچکے ہیں، عوام میں بیداری کی لہر پیدا ہوچکی ہے اور وہ تبدیلی کے منتظر بیٹھے ہیں، جماعت اسلامی عوام کی امید بن کر ابھری ہے اور عوام کو مسائل سے جماعت اسلامی ہی نجات دلاسکتی ہے۔

انھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپورطریقے سے شریک ہوں اور ایک ایک گھر جاکر عوام کو ترازو کو ووٹ دینے پر آمادہ کریں، نصراللہ خان شجیع نے کہاکہ شفاف الیکشن کیلیے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن اپنا آئینی کردار ادا کرے، کراچی کے عوام نے برسوں مشکلات و پریشانیوں کا سامنا کیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ وہ شہر کو تباہ وبرباد کرنے والوں کو مسترد کردیں اورجماعت اسلامی کو ووٹ دے کرشہر میں ایک نئے دور کا آغاز کریں۔