گاڑی چوری کی روک تھام اے سی ایل سی داخلی و خارجہ راستوں پر چیکنگ کرے آئی جی

گاڑیوں کی چوری اورچھیننےکی واردات،ملوث ملزمان کی گرفتاری اورگروہوں وکارندوں کیخلاف موثرکارروائی کی جائے،شاہدندیم بلوچ.


Staff Reporter April 07, 2013
گڈاپ ٹائون میں پولیو مہم کی منسوخی اور حفاظتی حکمت عملی کی تفصیل طلب،ڈی پی او انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی یقینی بنائیں. فوٹو: فائل

آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں کی روک تھام ، گاڑیوں کی برآمدگی ، ملوث گروہوں اور ان کے کارندوں کی بیخ کنی کے لیے اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس کی افرادی قوت اور استعدادی صلاحیت کو دستیاب وسائل کے تحت مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسی وارداتوں سے متاثرہ علاقوں میں موثر گشت ، ٹھوس انٹیلی جنس کلیکشن اور ریکی کے تحت ملزمان کی یقینی گرفتاریوں اور بعدازاں تفتیش کے تمام تر امور کو غیر معمولی بناتے ہوئے متعلقہ عدالتوں سے انھیں مثالی سزاؤں کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

یہ ہدایات انھوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام شبیر شیخ کو رواں سال کے دوران شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی سے متعلق اطلاعات ملنے کے تناظر میں جاری کی ہیں،انھوں نے کہا کہ اینٹی کارلفٹنگ سیل کی خصوصی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص شہر کے مرکزی داخلی و خارجی راستوں پر باقاعدہ رینڈم اسنیپ چیکنگ اور متعلقہ وائرلیس کنٹرول سے چیک کی جانے والی گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز ، انجن اور چیسز نمبر کی تصدیق کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر باقاعدہ ایک پروفارمے کے تحت یقینی بنائیں گی۔

 

11

آئی جی سندھ نے کہا کہ کسی بھی گاڑی کے چھیننے یا چوری ہونے کی اطلاع پر متعلقہ پولیس فوری طور پر وائرلیس کنٹرول روم کو مطلع کرے گی اور متعلقہ پولیس بیس کے ذریعے علاقہ گشت پر مامور پولیس افسران کو بھی نوٹ کرائے گی تاکہ ایسی گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے،دریں اثنا آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے گڈاپ میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیو مہم موخر کیے جانے کی اطلاع پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے پولیو مہم کی ٹیموں کے لیے اختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی پر مشتمل نہ صرف تفصیلات طلب کرلیں بلکہ گزشتہ سال پولیو ٹیم پر ہونیوالے حملوں کی تفتیش میں پیش رفت ، ملوث ملزمان کی گرفتاری اور متعلقہ مقدمات کی پیروی پر مشتمل رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دی ہیں کہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کے رضا کاروں اور دیگر ممبران کی جان و مال کے تحفظ کے ضمن میں تمام تھانہ جات کو سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے بصورت دیگر سپروائزری افسر کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انھوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے کی تشہیری مہم اور بعدازاں محکمہ صحت کے نمائندوں کی جانب سے مہم کے آغاز کے لیے رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ پولیس افسران فوری طور پر متعلقہ تھانوں سے نہ صرف سیکیورٹی کی فراہمی جیسے اقدامات کو یقینی بنائیں گے بلکہ علاقہ ایس ایچ اوز کو بھی وقتاً فوقتاً سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کا پابند بنائیں گے اور اس عمل کو پولیو مہم کے اختتام تک جاری رکھا جائے گا۔