ڈولفن شو کیلیے جدید پول کی تعمیرتیزی سے جاری

میری ٹائم میوزیم میں یکم اکتوبر سے یومیہ 4شوز منعقد کیے جائینگے، مصطفی کمال


Business Reporter August 10, 2012
میری ٹائم میوزیم میں یکم اکتوبر سے یومیہ 4شوز منعقد کیے جائینگے، مصطفی کمال, فوٹو راحیل حسین

پاکستان میں ڈولفن مچھلیوں کے لیے جدید پول کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، کراچی شہر کے یتیم خانوں کے بچوں، ذہنی اور جسمانی معذور بچوں کو ڈولفن مچھلیوں کا شو مفت دکھایا جائے گا،میری ٹائم میوزیم میں تعمیر ہونے والے پول میں یکم اکتوبر سے ڈولفن مچھلیوںاور پانی کی بلیوں کے کرتب دکھائے جائیں گے۔

ڈولفن کے ذریعے عوام کو منفرد تفریح فراہم کرنیو الی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ کمال کے مطابق ڈولفن مچھلیاں حیرت انگیز طور پر ذہین ہیں اور انسانوں سے مانوس ہونے کی وجہ سے ان میں سیکھنے کی صلاحیت بھی بہت زیادہ ہے ،جنوب مشرقی ایشیا میں پاکستان پہلا ملک ہے جہاں ڈولفن مچھلیوں کے شوز منعقد کیے جارہے ہیں ،مچھلیوں کے لیے 80فٹ لمبا 50فٹ چوڑا اور 15فٹ گہرا پول تیار کیا جارہا ہے اس کے ساتھ 4ہزار افراد کی گنجائش والا خصوصی پویلین بھی تیار کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ڈولفن مچھلیوں کے شوز آئندہ سال فروری سے لاہور میں بھی منعقد کیے جائیں گے ،ڈولفن مچھلیوں کے شوز کے بعد عالمی سطح پر رائج دیگر منفرد اور حیرت انگیز تفریح کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ ڈولفن مچھلیاں 8گھنٹے آرام کے بعد مسلسل کرتب دکھاسکتی ہیں ،مچھلیوں کے آرام کے لیے علیحدہ پول بنایا جارہا ہے، پول کی تعمیر 15ستمبر تک مکمل کرلی جائیگی اور یکم اکتوبر سے ڈولفن مچھلیوں اور پانی کی بلیوں کے کرتب سے شہری محظوظ ہوسکیں گے ،انھوں نے بتایا کہ یکم اکتوبر سے یومیہ ایک ایک گھنٹے کے چار شوز منعقد ہوں گے جس میں پہلے دو شوز دن کے اوقات میں اسکول کے بچوں، ایک شو کارپوریٹ اور ایک شو جنرل پبلک کے لیے کیا جائے گا۔