پی ایس ایل فائنل کے لیے اسلام آباد یونائٹیڈ کے کھلاڑی کراچی پہنچ  گئے

ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی لیوک رونکی ، جے پی ڈومینی ، سمت پٹیل ، سیموئل بدری اور اسٹیون فن دبئی سے کراچی پہنچے۔


Staff Reporter March 24, 2018
ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی لیوک رونکی ، جے پی ڈومینی ، سمت پٹیل ، سیموئل بدری اور اسٹیون فن دبئی سے کراچی پہنچے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کھیلنے کے لیے اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم کے کھلاڑی جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کراچی پہنچ گئے۔

پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کے لیے اسلام آباد یونائٹیڈ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ، فہیم اشرف اور وقاص لاہور سے کراچی پہنچے جبکہ ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی لیوک رونکی ، جے پی ڈومینی ، سمت پٹیل ، سیموئل بدری اور اسٹیون فن دبئی سے کراچی پہنچے۔

ٹیم کے کھلاڑیوں کو اولڈ ٹرمینل پر واقع پریذیڈنشل سویٹ میں بٹھایا گیا جنھیں بعدازاں ایئر پورٹ سے ہوٹل تک انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں لیجایا گیا اس موقع پر شارع فیصل سمیت ملحقہ سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جمعرات کی شب پشاور زلمی کی ٹیم کے کھلاڑی کراچی پہنچے تھے اور انھیں نے سخت سیکیورٹی میں ہوٹل تک پہنچایا گیا تھا۔

علاوہ ازیں پی ایس ایل فائنل کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،9 برس کے بعد شہر قائد میں کرکٹ کا مقابلہ ایک جشن کی شکل اختیار کر چکاہے۔ کرکٹ کے شیدائی فائنل کے بے چینی سے منتظر نظر آرہے ہیں۔

رات گئے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب لگائے گئے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی قد آور تصاویر ، پوسٹر اور سجاوٹ کو دیکھنے کے لیے شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے نشنل اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ اس موقع پر شہریوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی رات گئے نیشنل اسٹیڈیم سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دروہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور امداد پتافی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اس کم وقت میں پوری کوشش کی ہے ، سیکیورٹی کے حوالے سے اور گراؤنڈ کے انتظامات کے حوالے سے مطمٗن ہوں اللہ خیر و عافیت فائنل کو مکمل کرا دے تو اگلے برس حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل کے میچز کرائینگے۔