پریذیڈنٹ کپ ون ڈے سینئر کرکٹرز کے بیٹ سے رنز کا لاوا ابل پڑا

کامران، شعیب ملک اور چیمپئنز ٹرافی کیلیے ڈراپ کیے جانے والے یونس نے سنچریاں داغ دیں.


Sports Reporter April 08, 2013
آفریدی نے بغیر آئوٹ ہوئے 39 بناکر فارم کی جھلک دکھلا دی، مصباح الحق 23 تک محدود رہے، حارث سہیل نروس نائنٹیز کا شکار ، عمران فرحت کوصفر کی خفت۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے امیدوار اسٹارز کے بیٹ سے رنز کا لاوا ابل پڑا، پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں کامران اکمل کی ناقابل شکست سنچری، شعیب ملک اور 30 رکنی اسکواڈ سے ڈراپ یونس خان نے بھی تھری فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔

اسد شفیق92ناٹ آؤٹ، اظہر علی89،محمد حفیظ 45کے ساتھ نمایاں رہے، آفریدی نے بغیر آؤٹ ہوئے 39 بناکر فارم کی جھلک دکھلا دی، مصباح الحق 23 تک محدود رہے، حارث سہیل نروس نائنٹیز کا شکار ، عمران فرحت صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے حتمی اسکواڈ کی تشکیل کیلیے خاص اہمیت اختیار کرجانے والے پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں اسٹارز کے بیٹ سے رنز اگلنے لگے ہیں۔ گذشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں حبیب بینک نے پی آئی اے کو 27 رنز سے زیر کرلیا۔

فاتح ٹیم نے مقررہ اوورز میں3 وکٹوں پر331 رنز بنائے۔ چیمپئنز ٹرافی کی ابتدائی 30رکنی فہرست سے ڈراپ ہونے والے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے سارا غصہ جونیئرز پر نکالتے ہوئے 124 گیندوں پر6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے101 رنز بنائے، اسد شفیق نے13 چوکوں سمیت ناقابل شکست 92 رنز اسکور کیے، شاہد آفریدی بھی بھر پور فارم میں دکھائی دییے اور انھوں نے صرف 15گیندوں پر 3 چوکوں اور3چھکوں کی بدولت ناقابل شکست 39 رنز بنائے، عمران فرحت بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، نجف شاہ نے 2 اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں شعیب ملک کی شاندار سنچری کے باوجود پی آئی اے 304 رنز ہی بناسکی، سابق کپتان نے 76 گیندوںپر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے، شعیب خان 52، کامران ساجد 48، فیصل اقبال 25 اور انور علی 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عبدالرحمن اور احسان عادل نے3، 3 مہرے کھسکائے، فہد مسعود نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سوئی ناردرن گیس نے زیڈ ٹی بی ایل کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 2 رنز سے ہرایا۔ فاتح ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں گنوا کر 314 رنز بنائے، اظہر علی نے 89رنز بنائے، توفیق عمر 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔



خرم شہزاد نے 56رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد حفیظ نے 45 اور مصباح الحق نے23 رنز بنائے، جنید خان نے 2 آؤٹ کئے۔ جواب میں زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بناسکی، حارث سہیل نروس نائٹیز کا شکار ہوئے اور صرف ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے، انھوں نے89گیندیں کھیلتے ہوئے 5 چوکے اور 2چھکوں کی مدد سے 99رنز اسکورکیے، شرجیل خان 61، حسین طلعت52، بابر اعظم 50کے ساتھ نمایاں رہے، بلاول بھٹی نے 3 کھلاڑیوںکو پویلین کا راستہ دکھایا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل بینک نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پورٹ قاسم کو 9 وکٹوں سے زیر کیا۔

پورٹ قاسم ٹیم 48.2 اوورز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، خرم منظور نے94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،عمر امین32،دانیال احسن نے30 رنز بنائے، عمران خان نے 4 ، محمد نواز نے 2 شکار کیے۔جواب میں نیشنل بینک نے کامران اکمل کے ناقابل شکست132 رنز کی بدولت ہدف38.4 اوورز میں صرف ایک وکٹ پر پورا کر لیا۔وکٹ کیپر بیٹسمین نے131 گیندوں پر 22 چوکوں کی مدد سے132 رنز بنائے، سمیع اسلم نے 82 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

شہید بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل اسٹیڈیم گڑھی خدا بخش میں اسٹیٹ بینک نے دلچسپ مقابلے میں واپڈا کو صرف3رنز سے قابو کرلیا، اسٹیٹ بینک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 244 رنز بنائے، عدنان رئیس اور عثمان سعید نے 54، 54 رنز اسکور کیے، گلریز صدف 29 اور عثمان ارشد26 بنانے میں کامیاب ہوئے۔ناصر ملک اور رانا نوید نے2، 2 کو پویلین بھیجا۔جواب میں واپڈا کی ٹیم صہیب مقصود کے119 رنز کے باوجود 241 رنز بنا سکی، محمد ایوب نے64 اور رانا نوید نے 21 رنز بنائے، حسن محمود اور رضوان حیدر نے2، 2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔