حیدرآباد نے سپراوور میں بنگلور کے چھکے چھڑادیے

آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب نے پونے واریئرز کو قابو کرلیا، اظہرمحمود کی 2 وکٹیں.


Sports Desk April 08, 2013
پونے : آئی پی ایل مقابلے میں کنگز الیون پنجاب کے گرکریت سنگھ ڈائیو لگاکر واریئرز کے کیوی بیٹسمین روس ٹیلر کا شاندار کیچ تھام رہے ہیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

KARACHI: آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد نے سپر اوور میں رائل چیلنجرز کو مات دے دی، مقابلہ ٹائی ہونے پر سپر اوور میں حیدرآباد نے کیمرون وائٹ کے دوچھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے جواب میں بنگلور کی ٹیم 15 رنز بنا پائی۔

اس سے پہلے حیدرآباد نے 7 وکٹوں پر 130 رنز بنائے، ہنوما ویہاری نے ناٹ آئوٹ 44 رنز بنائے، ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور نے 8 وکٹوں پر 130 رنز بنائے، ویرت کوہلی نے 46 اور موسس ہینرکس نے 44 رنز بنائے۔



کرس گیل اس بار صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے وہ پہلے میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے مگر انھیں اس میچ کیلیے فٹ قرار دیا گیا تھا، ایشانت شرما نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔



پونے واریئرز کے بھونیشور کمار کو ٹھکانے لگانے پرپاکستانی آل رائونڈر اظہر محمود کا پراعتماد انداز۔ فوٹو: بی سی سی آئی

 

اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پونے واریئرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی مہمان ٹیم نے فتح کیلیے ملنے والا 100 رنز کا آسان ہدف 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا، منان وہرا نے ناٹ آئوٹ 43 اور مندیپ سنگھ نے 31 رنز اسکور کیے۔ قبل ازیں پونے واریئرز کی اننگز 9 وکٹ پر 99 رنز تک محدود رہی تھی، سب سے زیادہ ابھیشیک نائر نے 25 رنز بنائے، روبن اتھاپا نے 19 رنز اسکور کیے، اظہر محمود اور پراوین کمارنے دودو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔