ویمنز کرکٹ راولپنڈی 109رنز پر ڈھیر نادیہ کی 4 وکٹیں

ملتان نے 102 رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی،حیدرآباد بھی کامیاب.


Sports Reporter April 08, 2013
ملتان نے 102 رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی،حیدرآباد بھی کامیاب. فائل فوٹو

قومی خواتین کرکٹ چیمپئن شپ میں ایچ ای سی، پاکستان بورڈ، ملتان اورحیدرآباد ریجنز نے اپنے میچز جیت لیے۔

ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے لاہور ریجن کو 52 رنز سے زیر کیا۔ایچ سی ای نے مقررہ اوورز میں 8کھلاڑیوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ارم جاوید نے ناقابل شکست رہ کر 60 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، سدرہ امین نے 33، عالیہ ریاض 29 اور ریما ایمان نے 23 رنز بنائے۔ایلزبتھ برکت نے3 اور بختاور اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔لاہور ریجن کی ٹیم 46.2 اوورز میں160 رنز بنائے۔سدرہ نواز 30، نمرا عمران 23رنز بنائے۔

ارم جاوید نے3 اور اریبہ حسن نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں ملتان ریجن نے راولپنڈی کو 102رنز کے بڑے مارجن سے مات دی، ملتان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 211رنز بنائے۔اریب حسن نے65 اور ثنا گلزار نے53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، زارا فاروق نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس لوٹایا، راولپنڈی کی ٹیم نادیہ حسین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت 109 رنز پر ہی ہمت ہار بیٹھی۔نادیہ بیگم نے 48 رنز بنائے۔ نادیہ نے4 مہرے کھسکائے جبکہ اسما بانو نے 3 اور رضیہ کلثوم نے2 وکٹیں حاصل کیں۔



لاہور کنٹری کلب مرید کے میں پاکستان بورڈ نے بہاولپور کو 5 وکٹوں سے شکست کا مزہ چکھایا۔بہاولپور کی ٹیم صرف98 رنز پر اپنی تمام وکٹیں گنوا بیٹھی، صبا غفور نے20 اور صبا خورشید نے13رنز بنائے۔ انعم امین نے5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نطالیہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان بورڈ نے ہدف 5 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ نطالیہ پرویز 29 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں، زارا اقبال نے25 رنز بنائے۔رضیہ نصیر اور رقیہ اقبال نے 2، 2وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور کنٹری کلب مریدکے گرائونڈ 2 میں حیدر آباد ریجن نے ایبٹ آباد کے خلاف 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ایبٹ آبادنے8 وکٹوں پر 169 رنز بنائے۔ سعدیہ بی بی 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، رمشا نے24 اور سدرہ بی بی نے23 رنز بنائے۔ ساجدہ شاہ ، زیب النساء اور کشمالہ بتول نے 2، 2 مہرے کھسکائے۔حیدر آباد ریجن نے خدیجہ چشتی کے ناٹ آئوٹ 71 رنز کی بدولت ہدف 7 وکٹوں پر پورا کر لیا۔کانزہ ملک نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔