انتخابی سیکیورٹی پلان مرتب ضلع غربی کے تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیدیے گئے

انتہائی حساس، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنوں پر بالترتیب 20،12اور 6 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے ،ذرائع


Staff Reporter April 08, 2013
پولیس و رینجرز پر مشتمل فورس تیار جبکہ پاک فوج کو ریزرو رکھا جائے گا ،سراغ رساں کتے پولنگ اسٹیشن کا علاقہ کلیئر کرائیں گے. فوٹو: فائل

پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے پولیس نے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے۔

اس ضمن میں کراچی پولیس نے ضلع غربی کا سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا،حکام نے ضلع غربی کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے دیا ہے، ضرورت پڑنے پر فوری طور پر فوج سے بھی مدد طلب کی جائے گی،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 20 پولیس اہلکار ، حساس پولنگ اسٹیشن پر 12 اہلکار جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشن پر 6 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ، حساس علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشن کی سراغ رساں کتوں کے ذریعے بھی کلیئرنس حاصل کی جائے گی۔

 



تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع غربی کے تمام تر پولنگ اسٹیشنز کو پولیس نے حساس قرار دیا ہے،ویسٹ زون میں قومی اسمبلی کی 4 جبکہ صوبائی اسمبلی کی9 نشستیں ہیں جبکہ ویسٹ زون میں قائم کیے جانے والے پولنگ اسٹیشن کی تعداد 500 سے زائد بتائی جارہی ہے، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے قومی اسمبلی کی نشستیں این اے 239، این اے 240،این اے 241اور این اے 242 ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 89، 90، 91، 92، 93، 94، 95، 96 اور 97 ہیں،ذرائع نے بتایا کہ این اے 242 جس میں منگھوپیر اور کنواری کالونی شامل ہیں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ۔

ے،پولنگ اسٹیشن کے قریب پولیس موبائل اور موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کا گشت یقینی بنایا جائے گا ، پولیس اور رینجرز پر مشتمل فورس کارروائی کیلیے تیار رہے گی جبکہ پاک فوج کو ریزرو رکھا جائے گا،الیکشن سے ایک دن قبل پولیس اہلکار پولنگ اسٹیشن پر تعینات کردیے جائیں گے،سراغ رساں کتوں کے ذریعے پولنگ اسٹیشن اور اردگرد کے علاقوں کو کلیئر کرایا جائے گا،ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کوآرڈی نیشن اینڈ سیکیورٹی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ویسٹ ہیں،ڈسٹرکٹ آفس ویسٹ میں اس ضمن میں الیکشن مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے۔