بے رحمانہ جانچ پڑتال ضیائی پیروکاروں کی سازش ہے تاج حیدر

الیکشن کمیشن نے کچھ کو جیل بھیجا، ایجنسیوں سے پیسے لینے والوں کوگلے لگا دیا۔


Staff Reporter April 08, 2013
الیکشن کمیشن نے کچھ کو جیل بھیجا، ایجنسیوں سے پیسے لینے والوں کوگلے لگا یا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور پارٹی کے صوبائی انتخابی سیل کے سربراہ تاج حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ الیکشن کمیشن کی کاغذات کی بے رحمانہ جانچ پڑتال ترقی پسند جمہوری اور لبرل سوچ رکھنے والوں کے خلاف ضیاالحق کے پیروکاروں اور انتہاپسندوں کی جانب سے منظم سازش کی سطح پر آگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ پاکستان کے تمام سیاسی عناصر اور طبقہ فکر انتخابی عمل میں شریک رہیں، الیکشن کمیشن ایک جانب کچھ لوگوں کو چھانٹ چھانٹ کر جیل بھیج رہا ہے تو دوسری جانب نواز شریف اور ان کے آئی جے آئی کے پرانے دوستوں کو جن پر ایجنسیوں سے پیسے لے کر انتخابات میں دھاندلی کرانے کا الزام ثابت ہوچکا ہے گلے لگا رہا ہے۔



یہاں تک کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی بھی ایک حلقے سے منظور کرلیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ اگر دائیں بازو کی جماعت کے ٹکٹ پر کھڑے ہونے والے ایاز امیر تک کے کاغذات نامزدگی ان کی لبرل سوچ کوبنیاد بنا کر مسترد کردیا جاتا ہے تو پھر صاف ظاہر ہے کہ اس بات کی کوشش ہورہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ترقی پسند اور لبرل سوچ رکھنے والوں کو انتخابی میدان سے دور رکھا جائے۔