اوچ پاور گیس لائن تباہ بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ ہوگیا

اوچ پاور سے525میگاواٹ سپلائی بند،حبیب اللہ کوسٹل اورشیخ منڈاپاورزبھی آپریشنل نہ ہوسکے،کوششیں جاری ہیں،چیئر مین واپڈا.


لاہور میں شہریوں نے رات بجلی کے بغیر گزاری، دیگر شہروںمیں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں تک پہنچ گیا،کاروبار زندگی معطل. فوٹو: فائل

SIALKOT: تخریب کاروںنے اوچ پاور ہائوس جانیوالی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کر دی جس کے باعث اوچ پاور ہائوس سے 525 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے جبکہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6000 میگاواٹ سے بھی بڑھ گیا ۔

پولیس کے مطابق علاقہ ربیع میں 18 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے اوچ پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی میں کمی آ گئی ہے ۔ایف سی ترجمان کے مطابق گیس پائپ لائن فنی خرابی سے پھٹی ہے ۔ ترجمان واپڈا کے مطابق اوچ پاور ہائوس سے 525 میگاواٹ بجلی کی سپلائی بند ہو گئی ہے جبکہ حبیب اللہ کوسٹل اور شیخ منڈا پاور ہائوسز بھی بند ہونے سے مزید 150 میگاواٹ بجلی کی سپلائی کم ہوگئی ہے جس کے بعد ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6000 میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 7000 میگاواٹ جبکہ طلب 13 ہزار میگاواٹ ہے ۔اس صورتحال کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بحال نہیں کی جا سکی ۔



چیئرمین واپڈا سید راغب عباس نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تینوں متاثرہ پاور ہائوسز کی بحالی کیلئے کو ششیں جاری ہیں۔ادھر لاہور اور دیگر شہروںمیں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔ لاہور کے بڑے حصے میں ہفتے کے روز بند ہونیوالی بجلی اتوار کی صبح تک بھی نہ آئی جس سے شہری رات بھر سخت اذیت میں مبتلا رہے، مختلف علاقوں میں عوام نے احتجاجی مظاہر ے کئے ۔ آئی این پی کے مطابق لاہور میں عوامی احتجاج کے پیش نظر تمام گرڈ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں قصور ،ساہیوال، جلالپور بھٹیاں،ٹوبہ ٹیک سنگھ، پتوکی، حافظ آباد ،پنڈی بھٹیاں ،عارف والہ، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ۔