کراچی میں شدید گرمی درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا

سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) 43 ڈگری ہوگئی ہے


ویب ڈیسک March 28, 2018
گرمی کی موجودہ لہر3روز تک جاری رہ سکتی ہے،ہیٹ ویوز کا کوئی امکان نہیں فوٹو : فائل

شہر قائد میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔

کراچی میں گزشتہ ہفتے سے جاری گرمی کی لہر برقرار ہے، شدید گرمی اور سمندر کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 2 بجے شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا لیکن گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) 43 ڈگری محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں 10 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ان کا رخ جنوب سے شمال کی جانب ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اس کے علاوہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھادیں۔