میمو اسکینڈل پر نواز شریف معافی مانگیں پیپلز پارٹی

اداروں پر تنقید سے متعلق متحدہ اور نواز شریف کا طریقہ کار ایک ہے


عمران خان اور شاہد خاقان میں کوئی فرق نہیں۔ خورشید شاہ ؛ فوٹوفائل

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے چیئرمین سینیٹ سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو نامناسب اور غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور شاہد خاقان میں کوئی فرق نہیں۔

خورشید شاہ نے کہا اداروں پر تنقید سے متعلق ایم کیو ایم اور نواز شریف کا طریقہ کار ایک ہے، کیس الگ الگ ہیں،پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ سے نہ ملنے سے متعلق وزیراعظم کی بات پر افسوس ہے۔ ایم کیو ایم فاروق ستار کے ہاتھ سے نکل گئی، فاروق ستار نے کہا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ تسلیم کریں گے، ان کی جانب سے فیصلے کوصدی کا کالا قانون قراردینا مایوس کن ہے، علاوہ ازیں نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوریت کا پوداشہید ذوالفقارعلی بھٹو نے لگا یا تھاجس کو پی پی پی کے ورکروں اور جیلانوں نے خون دیکربڑاکیاہے، بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کے درمیان ملاقات معمول کی بات ہے، ہمارے دور میں بھی ایسی ملاقاتیں ہوئیں، اس وقت متعدد کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں، ان حالات میں وزیراعظم کا چیف جسٹس سے ملنا بہت سے شکوک وشبہات کو جنم دیتا ہے۔

دوسری طرف شیری رحمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ اپنا قبلہ درست رکھے تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔ پیپلز پارٹی نے جمہوری اداروں اور جمہوریت کا ساتھ دیا کسی کی ذات کا نہیں۔ قمر الزمان کائرہ نے ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو تاریخی حقائق وقت کے ساتھ سمجھ آ رہے ہیں، ان کا چیئرمین سینیٹ کو گالیاں دینا پارلیمنٹ کی توہین ہے، الیکشن میں نئی حلقہ بندیوں پرصرف پیپلزپارٹی نے نہیں بلکہ تمام جماعتوں نے اعتراضات اٹھائے ہیں،موجودہ حکومت کے پاس مسائل کا حل نہیں ہے، ان کے تمام دعوے کھوکھلے ہیں جبکہ مولابخش چانڈیو نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف میموگیٹ سے متعلق اعتراف پر قوم سے معافی مانگیں۔

انھوں نے کہاکہ نواز شریف کو اب سمجھ آیا کہ میموگیٹ میں عدالت میں نہیں جانا چاہیے تھا تاہم وہ آج بھی بددیانتی سے کام لے رہے ہیں ،ادھورا اعتراف کافی نہیں، نواز شریف جمہوریت کے خلاف جرائم پر قوم سے معافی مانگیں، ہم کئی بار جمہوریت کی خاطر نواز شریف کے دھوکے میں آئے ، الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان پر وزیراعظم کا محاسبہ ہونا چاہیئے ،آدھی ن لیگ توہین عدالت کے کیس بھگت رہی ہے، معافیاں مانگتے ان کی زبان لڑ کھڑا تی ہے، ٹکراؤ کی روش قومی ہم آہنگی کے خلا ف ہے۔

مقبول خبریں