کراچی:
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں کراچی سمیت دیگر ملکی ائیرپورٹس پر پیر کو 116 بین الاقوامی روٹس کی پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
ملک کے بین الاقوامی ائیرپورٹس پر آج یو اے ای بحرین کویت، قطر سمیت دیگر مشرق وسطی کی 116 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
کراچی ائیرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی قطر، شارجہ، کویت بحرین کی 32 پروازیں منسوخ جبکہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی ابو ظہبی دوحہ بحرین کویت شارجہ سمیت دیگر ایرپورٹس کی 28 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
لاہور ائیرپورٹ پر دبئی ابو ظہبی قطر کویت بحرین کی 20 پروازیں منسوخ جبکہ پشاور ائیرپورٹ سے دبئی شارجہ قطر ابو ظہبی کی 16 فلائٹس منسوخ ہوئیں۔
ملتان ائیرپورٹ سے دبئی شارجہ راس الخیمہ بحرین دوحہ کویت کی 10 پروازیں منسوخ جبکہ فیصل آباد سے 4 کوئٹہ ائیرپورٹ سے مشرق وسطیٰ کی 2 پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
پروازیں ایمریٹس اتحاد ائیرعربیہ، پی آئی اے ائیربلو فلائی دبئی قطر ائیرویزسمیت دیگر ملکی اور غیرملکی ایئرلائنز کی ہیں۔
چار دن میں ملک بھر کے بین الاقوامی ایرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے ملکوں کو جانے والی 416 سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
علاوہ ازیں فضائی حدود بندش اور پروازوں کی منسوخی سے ائیرلائنز کو کھربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے کے سات انتہائی مصروف ہوائی اڈوں پرپروازوں کی منسوخی سے ائیرلائنز کو اب تک اندازا دو کھرب 15 ارب روپے سے زائد ریونیو نقصان ہوچکا ہے۔
پاکستان سے پروازوں کی منسوخی کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہیں۔ چار دن میں صرف پاکستان کے بین الاقوامی ائیرپورٹس سے منسوخی سے ایئرلائنز کو 10 ارب روپے کا ریونیو نقصان برداشت کیا۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید سنگین رہی اور فضائی آپریشن بحال نہ ہوا تو ائیرلائنز کا بزنس ٹھپ ہوکر رہ جائے گا۔ پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو ریفنڈز اور رہائش کے اضافی اخراجات بھی ائیرلائن کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔
دوسری جانب 28 فروری کو مختلف ممالک کی فضائی حدود بندش سے سری لنکن ائیرلائن کی پرواز کو کراچی ائیرپورٹ موڑا گیا۔ سری لنکن ائیر کے گزشتہ روز 70 سے زائد ٹرانزٹ فلائٹ کے مسافروں میں 10 بھارتی مسافر بھی تھے۔ کراچی ائیرپورٹ پر چند دن سے پھنسے 10 بھارتی شہریوں کو روانہ کیاگیا۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام مسافر سری لنکن ائیرلائن کی ٹرانزٹ فلائٹ کے تھے۔ ان میں ایک بھارتی مسافر ائیرلائن کا کریو ممبر تھا۔
اسی طرح قطر ایئرویز نے فلائٹ آپریشن کل چار مارچ صبح 9 بجے تک بندش میں توسیع کا اعلان کردیا ہے۔ قطر کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے قطری فضائی حدود کو تاحال بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قطری فضائی حدود کے بحفاظت دوبارہ کھولنے کا اعلان کرنے کے بعد قطر ایئرویز دوبارہ اپنا آپریشن شروع کر دے گی۔ قطری فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے قطر ایئرویز کا فلائٹ آپریشن 28 فروری سے عارضی طور پر معطل ہے۔
مسافروں کے لیے مزید اپ ڈیٹ کل 04 مارچ کو صںح 09:00 بجے مقامی وقت کے مطابق فراہم کی جائے گی۔ تمام مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ qatarairways.com یا Qatar Airways موبائل ایپ کے ذریعے پرواز کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔