فیملی سرکل کپسرینا کیریئر کا 49واں ٹائٹل لے اڑیں

فائنل میں شکست خوردہ جیلینا جینکووچ سے امریکی اسٹار کی گرما گرمی بھی ہوئی۔


AFP April 09, 2013
فائنل میں شکست خوردہ جیلینا جینکووچ سے امریکی اسٹار کی گرما گرمی بھی ہوئی. فوٹو: اے ایف پی

سرینا ولیمز فیملی سرکل کپ ٹائٹل کے دفاع سے کیریئر کا49واں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل لے اُڑیں۔

امریکی ٹاپ سیڈ نے فائنل میں سربیا کی جیلینا جینکووچ کو3-6،6-0 اور6-2 سے مات دی۔ تفصیلات کے مطابق7 لاکھ95 ہزار ڈالر انعامی مالیت کے ویمنز ٹینس ایونٹ فیملی سرکل کپ کے فائنل میں موجودہ عالمی نمبرون سرینا ولیمز کا مقابلہ سربیا کی سابق ورلڈ ٹاپ پلیئر جیلینا جینکووچ سے ہوا، دوسرے سیٹ کے آغاز پر دونوں پلیئرز کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے نے ماحول کچھ گرما دیا۔

سریناکا الزام تھا کہ جینکووچ سروس کے موقع پر جلدبازی کررہی ہیں، دوسرے سیٹ کے شروع پر سروس کرنے کے عین موقع پر سرینا نے انھیں ریکٹ سے انتظار کرنے کا اشارہ کیا اور پھر زبانی طور پر کہا کہ میں ابھی تیار نہیں ہوں ، اس کے بعد انھوں زور سے چلاکر کہا کہ تمہیں کیا مسئلہ ہے، اس پر جینکووچ نے چیئرامپائر سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سرینا کو خصوصی ٹریٹمنٹ نہیں ملنا چاہیے،اس گرما گرمی کے بعد امریکی اسٹار نے فائنل 14 میں سے 12 گیمز اپنے نام کیے، جیلینا نے پہلا سیٹ جیتا تھا۔



سرینا نے ٹائٹل میں فتح کے بعد کہا کہ میں ایک اور ٹائٹل اپنے شوکیس کی زینت بنانے پر خوش ہوں، مجھے اپنے اعزاز کا دفاع کرکے بہت اطمینان حاصل ہوا، انھوں نے سیمی فائنل میں اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کو قابو کیا تھا، سرینا اب تک کلے کورٹ پر لگاتار22 میچز جیت چکیں،اس میں ڈبلیو ٹی اے ٹورز اور فیڈریشن کپ مقابلے شامل ہیں، فیملی سرکل کپ میں یہ ان کی مسلسل 15ویں فتح بنی، انھوں نے2008 کے بعدگذشتہ برس بھی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔