ٹریفک حادثات اورواقعات میں 5 افراد ہلاک

واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 12 سالہ نعمت اور کورنگی میںکرنٹ لگنے سے سفیان جاں بحق.


Staff Reporter April 09, 2013
واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 12 سالہ نعمت اور کورنگی میںکرنٹ لگنے سے سفیان جاں بحق. فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔

بارش کی وجہ سے پھسلن کے باعث مختلف شاہراہوں پر موٹر سائیکلیں سلپ ہونے سے متعدد نوجوان زخمی ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں 2 نمبر پر پل کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خلیل ولد اسماعیل ہلاک ہوگیا، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور بس لیکر فرارہوگیا ، اورنگی ٹائون کے علاقے مومن آباد میں تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 12 سالہ نعمت ولد قلندر ہلاک ہوگیا ، ٹینکر کے ڈرائیور بہار علی ولد خیر بخش کو گرفتار کرکے ٹینکر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

وقوعہ کے وقت نعمت اپنے گھر کے باہر کھیل کود میں مصروف تھا کہ تیز رفتار ٹینکر کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ، بفرزون میں گھر کے قریب ہی تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 55 سالہ اکبر سعید ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق متوفی کسی کام سے گھر سے نکلا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا ، پاک کالونی کے علاقے جہانگیرآباد پل پر چمن سینما کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار43 سالہ الطاف حسین سعیدی ولد محمد شفیع ہلاک ہوگیا ۔



پاک کالونی پولیس کے مطابق متوفی حسرت موہانی کالونی کا رہائشی اور علاقے کی مسجد کا پیش امام تھا ، متوفی اپنی موٹر سائیکل پر وقوع کے وقت بچوں کو پڑھانے جارہا تھا کہ ٹرک کی ٹکر سے سڑک پر گرگیا اور سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہوگیا،کورنگی ڈیڑھ نمبر پر کرنٹ لگنے سے ایک شخص سفیان ہلاک ہوگیا ، گزشتہ روز بارش کے باعث الفلاح تھانے کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہوجانے سے ایک اہلکار جاوید زخمی ہوگیا۔