76 فیصد اسکولوں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کردیں کے پی کے حکومت

جون 2018ء تک تمام اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی سمیت تدریسی عملے کی کمی پوری کردیں گے، سينئر پلاننگ آفیسر


ویب ڈیسک March 29, 2018
جون 2018ء تک تمام اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی سمیت تدریسی عملے کی کمی پوری کردیں گے، سينئر پلاننگ آفیسر، فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ صوبے کے 76 فیصد اسکولوں میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کردی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا محکمہ تعلیم کے سینئر پلاننگ آفيسر حشمت کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے 76 فیصد اسکولوں میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں جن کے لیے 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

سينئر پلاننگ آفیسر نے کہا کہ 16,000 اسکولوں کی چار دیواری، 20,000 اسکولوں میں ٹوائلٹس اور 15000 اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا کام مکمل ہوچکا، اب ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اسکولوں میں سولر انرجی سے بجلی کی فراہمی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور اب تک 6000 اسکولوں میں اس کا انتظام ہو چکا ہے۔

سینئر پلاننگ آفیسر نے کہا کہ 2013ء سے سرکاری اسکولوں میں فرنیچر کی فراہمی پر5 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں تاکہ اسکولوں میں سازگار تدریسی ماحول ہو جب کہ نئی ایجوکیشن پالیسی کے تحت اسکولوں میں10,000 کھیل کے میدان بنائے گئے ہیں، جون 2018ء تک تمام اسکولوں میں بنیادی سہولتوں اور تدریسی عملے کی کمی پوری کردی جائے گی۔

سينئر پلاننگ آفیسرنے کہا کہ رواں سال کے آخرتک این ٹی ایس کے ذریعے 15 ہزار ٹیچرز بھرتی کیے جائیں گے جب کہ 40,000 ٹیچرز پہلے ہی بھرتی کیے جا چکے ہیں۔

مقبول خبریں