عوامی نیشنل پارٹی نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا

قربانیوں کے باعث عوام عوامی نیشنل پارٹی پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں ، شاہی سید.


Staff Reporter April 09, 2013
قربانیوں کے باعث عوام عوامی نیشنل پارٹی پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں ، شاہی سید. فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ بے پناہ قربانیوں کے باعث عوام عوامی نیشنل پارٹی پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے لالٹین کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔

کیونکہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے سینکڑوں کارکنوں نے شہر میں قیام امن اپنے وطن کے پرامن اور خوشحال مستقبل کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے،شاہی سید نے پارٹی امیدواروں کے ہمراہ آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات میں کہا کہ خطے کے امن کے لیے شہید بشیر احمد بلور ، شہید عالم زیب ، شہید ڈاکٹر شمشیر ، میاں راشد حسین شہید ، حنیف جدون شہید سمیت سیکڑوں دیگر شہدا کی قربانیوںکو کیسے فراموش کر سکتے ہیں۔



پارٹی کارکنوں سے بھی کہا کہ وہ اے این پی کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں،عوامی نیشنل پارٹی کی جڑیں پختونوں اور مظلوم قومیتوں کے دلوں میں ہیں اور پختون باچا خان ؒ کی پارٹی کے علاوہ کسی اور پر بھروسہ نہیں کرتے،دریں اثنا ایک اعلامیے کے مطابق عوامی نیشنل سندھ کے امیدواروں نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے پی ایس 119 کے امیدوار حضرت علی بونیری کی انتخابی مہم کے حوالے سے ناتھا خان گوٹھ وارڈ کی کابینہ اور مجلس عاملہ کا اجلاس وارڈ آفس میں میں ہوا۔