صاف شفاف انتخابات کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی جسٹس زاہد علوی

انتخابات میں امن و امان کیلیے پولیس اور رینجرز کو فری ہینڈدے دیا، نگراں وزیر اعلیٰ.


Staff Reporter April 09, 2013
کراچی کو دوبارہ "روشنیوں کا شہر"بنانے کیلیے کوشاں ہیں، امریکی قونصل جنرل سے ملاقات . فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ نگراں صوبائی حکومت کی اولین ذمے داری صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔

جس کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جو مکمل ہونے کے بعد جلد عوام کے سامنے لائی جائے گی ۔ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے جس کے لیے چیف سیکریٹری ، آئی جی پولیس سندھ اور ڈی جی رینجرز کو "فری ہینڈ"دیا گیا ہے۔ حکومت کراچی کو دوبارہ "روشنیوں کا شہر"بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

اس ضمن میں سول سوسائٹی کو بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا ۔وہ پیرکو 98 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے وفد سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کچھ سماج دشمن عناصر نے کراچی کے پر امن لوگوں میں تفرقہ ڈالنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔ ایسے ملک اور سماج دشمن عناصر کو شہر کا امن بگاڑنے کی اجازت قطعی نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر چیف سیکریٹری راجا محمد عباس، آئی جی پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ ، کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی بھی موجود تھے ۔ بعدازاں نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈ مین نے ملاقات کی ۔



انہوں نے انتخابات اور صوبہ باالخصوص کراچی کی مجموعی صورتحال سے متعلق امو ر پر تبادلہ خیال کیا ۔ امریکی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ جیکب آبادکی طرز کے منصوبوں کا صوبہ سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی آغاز کیا جائے گا ۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی قونصل جنرل سے کہا کہ صوبہ سندھ میں پاکستان امریکن کلچر سینٹرز (پی اے سی سی ) کے تحت امریکن لینگویج کے مراکز کی استعداد میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی قونصل جنرل کو سندھ کے روایتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی ۔ اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری نوید کامران بلوچ بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے صوبائی وزیر اطلاعات نورالہدیٰ شاہ اور نواب آف جونا گڑھ نواب جہانگیر خانجی نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔