عمارت کی چھت کا ایک حصہ گر گیا میاں بیوی اور بیٹا ہلاک

بغدادی میں واقع عمارت کی چھت انتہائی بوسیدہ ہوگئی تھی، گزشتہ روز پانچویں منزل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا۔


Staff Reporter April 10, 2013
بغدادی : عمارت کی چھت گرنے کے بعدبلدیاتی افسران جائے وقوع کا معائنہ کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کھارادر کے علاقے بغدادی میں واقع رہائشی عمارت کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے3 افراد ہلاک ہوگئے۔

عمارت کی چھت انتہائی بوسیدہ ہوگئی تھی اور بارش کے باعث اس کی حالت مزید خراب ہوگئی تھی،علاقے میں جابجا بوسیدہ عمارات ہیں جوکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں، متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے بغدادی میمن سوسائٹی میں علی ہوٹل کے قریب واقع رہائشی عمارت الماس پیلس کی پانچویں منزل کا ایک حصہ گزشتہ روز اچانک منہدم ہوکر گرگیا ، چھت گرنے کے باعث فلیٹ میں رہائش پذیر40 سالہ ایاز ، اس کی اہلیہ35 سالہ نازیہ اور اس کا بیٹا2سالہ اقصد ہلاک ہوگئے۔



ہلاک ہونے والوں کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی چھت بوسیدہ ہوگئی تھی اور اتوار کو بارش کے باعث پانی بھی جمع ہوگیا تھا جس سے چھت کی حالت مزید خراب ہوگئی تھی، علاوہ ازیں علاقے میں جابجا بوسیدہ عمارات ہیں جوکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔

حادثے کے بعد جب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کی کوشش کی تو نامعلوم افراد نے انھیں روکا اور کوریج نہیں کرنے دی۔