واٹر بورڈ میٹر ڈویژن میں مالیاتی بے قاعدگیاں ماہانہ کروڑوں کا نقصان

اہلکار عمارتوں اور بڑے صنعتی اداروں کے میٹر خراب کر کے رقم کے عوض ایوریج بل بھیجتے ہیں، افسران کے اجلاس میں انکشاف.


Staff Reporter April 11, 2013
اہلکار عمارتوں اور بڑے صنعتی اداروں کے میٹر خراب کر کے رقم کے عوض ایوریج بل بھیجتے ہیں، افسران کے اجلاس میں انکشاف. فوٹو: فائل

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے میٹر ڈویژن میں سنگین نوعیت کی مالیاتی بے قاعدگیوں ہورہی ہیں ۔

جس سے واٹربورڈ کو کروڑوں روپے ماہانہ کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے،اس بات کا انکشاف واٹربورڈ کے ریونیو ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کی سربراہی میں ہونیوالے ایک اجلاس میں ہوا جس میں واٹربورڈ کے میٹر ڈویژن اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کے شعبہ بلک کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر دونوں شعبوں کے افسران نے ایک دوسرے پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تاہم اس دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ میٹر ڈویژن کے اہلکار کثیر المنزلہ عمارتوں،بڑے صنعتی اداروں اوران مقامات پر جہاں میٹر کے ذریعے بلنگ کی جاتی ہے وہ میٹر خراب کردیتے ہیں اور وہاں ایوریج کی بنیاد پر بلنگ شروع کردیتے ہیں ، اس سلسلے میں صارف کو فائدہ پہنچانے کے لیے کرپٹ اہلکار چند پیسوں کی خاطر ادارے کو ماہانہ بنیادوں پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچارہے ہیں۔

5

، اس اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر یہ کرپٹ اہلکار اپنا قبلہ درست کرلیں تو ادارے کو ماہانہ پچاس کروڑ روپے کی اضافی آمدنی ہوسکتی ہے جس سے نہ صرف ادارہ مالی بحران سے نکل جائے گا بلکہ ادارہ نئے ترقیاتی منصوبے اپنے وسائل سے شروع کرنے کے قابل ہوجائے گا ، ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں سب سے زیادہ ایوریج بلنگ بھینس کالونی ، انڈسٹریل ایریا اورکثیر المنزلہ عمارتوںکی جارہی ہے، ذرائع نے بتایا کہ میٹر ڈویژن کے اہلکار یہ میٹر خود خراب کردیتے ہیں اور بعدازاں میٹر درست کرانے کے بجائے ایوریج بلنگ شروع کردیتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اس شعبے کے اہلکار کررہے ہیں جن کے افسران کے بارے میں یہ تا ثر ہے کہ وہ ایماندار ہیں تاہم حیرت انگیز طور پر اپنی ایمانداری کے حوالے سے مشہور افسران اس معاملے پر خاموش ہیں، اجلاس میںبتایا گیا کہ بلک کے کم وبیش چالیس فیصد صارفین کو ایوریج کی بنیاد پر بلنگ کی جارہی ہے، ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ڈی ایم ڈی ریکوری وقار ہاشمی نے میٹر ڈویژن کے افسران کو کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں بصورت دیگر وہ سخت کارروائی کرنے پر مجبور ہوں گے۔