مائیک ہسی اور مرلی وجے کنگز الیون کی جان کو آگئے

آئی پی ایل میں چنئی کی پہلی فتح، آسٹریلوی اوپنر کے 86 رنز، براوو کے تین شکار


Sports Desk April 11, 2013
آئی پی ایل: چنئی کیخلاف میچ میں کنگز الیون پنجاب کے گرکیرات سنگھ سوئپ شاٹ کھیل رہے ہیں، سپر کنگز نے مقابلہ 10 وکٹ سے جیت کر ایونٹ میں کامیابی کی راہ دیکھ لی۔ فوٹو : اے ایف پی

آئی پی ایل میں مائیک ہسی اور مرلی وجے کنگز الیون پنجاب کیلیے وبال جان بن گئے۔

دونوں کی ناقابل شکست ففٹیز کی بدولت چنئی سپرکنگز نے 10 وکٹوں سے میدان مارلیا، مائیک ہسی نے 86 رنز اسکور کیے، اس سے قبل پنجاب کی ٹیم 138 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ڈیوڈ ہسی نے 41 رنز اسکور کیے، ڈیوائن براوو نے تین وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق چنئی سپرکنگز نے کنگز الیون پنجاب کو یکطرفہ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، 139 رنز کا ہدف اس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 17.2 اوورز میں حاصل کیا۔



مائیک ہسی نے 54 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے، مرلی وجے نے 50 رنز کے لیے اتنی ہی گیندیں استعمال کیں۔ اس سے پہلے کنگز الیون پنجاب کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر 138 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کپتان ایڈم گلکرسٹ اور دوسرے اوپنر مندیپ سنگھ 9، 9 رنز بناکر ڈیرک نینس کی وکٹ بن گئے۔

مانان وہرا کو 16 رنز پر رویندراجڈیجا نے ہسی کی مدد سے قابو کیا، مائیک ہسی کے چھوٹے بھائی ڈیوڈ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، انھوں نے ایشون کی گیند پر براوو کا کیچ بننے سے قبل 41 رنز اسکور کیے۔ گرکیرات سنگھ نے 31 رنز بنائے جبکہ اظہر محمود (8) سمیت کوئی بھی باقی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہیں پہنچ پایا۔ ڈیوائن براوو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیرک نینس اور کرس مورس نے دودو وکٹیں لیں۔