الجزائر میں فوجی طیارہ گر کر تباہ 257 اہلکار ہلاک

اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد وہ گر کر تباہ ہوگیا


ویب ڈیسک April 11, 2018
حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے فوٹو : فائل

الجزائر میں فوجی دستے اور جنگی سامان لے جانے والے فوجی طیارے کے گر کر تباہ ہونے سے 257 سے زائد فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق الجزائر کے دارالحکومت سے 20 میل کی دوری پر فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے نے ملٹری بیس کے نزدیک ایئرپورٹ بوفارک سے پرواز بھری تھی کہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار 257 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ سوویت ساختہ 'الیوشن II-76' تھا جو طویل فاصلے تک پرواز کرسکتا تھا۔


مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ فوجی دستوں اور ساز و سامان کو لے کر بوفارک ایئرپورٹ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارے کے گرنے سے پہلے اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو دہشت گردی کے پہلو سمیت دیگر وجوہات معلوم کرے گی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا ہے اور سرکاری اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔



ریسکیو ادارے کی 14 سے زائد ایمبولینس نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا اور اب تک درجنوں لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایئر پورٹ کے اطراف تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔ تاحال ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ حکومتی ذرائع نے بھی ہلاکتوں سے متعلق کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے چار سال قبل بھی الجزائر میں فوجی حکام اور ان کے اہل خانہ کو لے جانے والے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 77 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں