روس تیار ہوجائے! شام پر امریکی میزائل برسنے آرہے ہیں، ٹرمپ کی دھمکی

ویب ڈیسک  بدھ 11 اپريل 2018
 روس کے لئے شام پربرسائے جانے والے امریکی میزائل کو تباہ کرنا آسان نہیں ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو : فائل

 روس کے لئے شام پربرسائے جانے والے امریکی میزائل کو تباہ کرنا آسان نہیں ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو : فائل

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا شام پر پہلے سے بہتر اور خطرناک میزائل کے ذریعے حملہ آور ہونے آ رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر نے روس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیمیائی حملوں کے ردعمل میں پہلے سے زیادہ بہتر نتائج دینے والے امریکی میزائل شام کو نشانہ بنانے آرہے ہیں لہذا روس اپنے بچاؤ کی تیاری کر لے۔ روس کو ایسے ملک کا ساتھ نہیں دینا چاہیے تھا جو معصوم لوگوں پر زہریلی گیس کا حملہ کرکے لطف  اندوز ہوتا ہو۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ روس نے دعوی کیا ہے کہ وہ شام کی طرف آنے والے کسی بھی میزائل کو اُڑانے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن اب وہ تیار ہو جائے کہ امریکا میزائل شام کی طرف آنے ہی والے ہیں جسے تباہ کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔

واضح رہے شام کے علاقے دوما میں شام کی اتحادی افواج مبینہ کیمیائی حملے کے بعد امریکا نے شام پر حملے کی دھمکی تھی جب کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں میں بھی روس و شام کے اس اقدام کی مذمت کی گئی تھی اور گزشتہ روز روس نے کیمیائی حملے سے متعلق قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔ امریکی صدر نے اس سے قبل دھمکی دی تھی کہ دو دنوں میں شام پر حملے سے متعلق حلیف ممالک کے ساتھ مل کر فیصلہ کرلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔