انتخابی ٹریبونلز میں241 اپیلیں دائر2بذریعہ ڈاک وصول

ایاز لطیف پلیجو کیخلاف پیپلز پارٹی کے محبوب علی نے اثاثوں،جائیداداور زرعی اراضی کی غلط معلومات دینے پر اپیل دائر کردی


Staff Reporter April 12, 2013
ایاز لطیف پلیجو کیخلاف رات گئے پیپلز پارٹی کے محبوب علی ابڑو نے اثاثوں،جائیداداور زرعی اراضی کی غلط معلومات دینے پر اپیل دائر کردی فوٹو فائل

MUZAFFARABAD: ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی مدت بدھ کوختم ہوگئی تھی۔

تاہم اپیلیں رات گئے تک دائر کرنے اور ان اپیلوں کی اسکروٹنی کا عمل جمعرات تک جاری رہنے کے باعث اپیلوںکی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب تک یہ تعداد 241 ہوچکی ہے، بدھ کو اپیلوں کی وصولی کے وقت کے متعلق الیکشن ٹریبونل اور اپیلیں دائر کرنیوالے امیدواروں میں ابہام پایا جاتا تھا، اپیلیں وصول کرنیوالے عملے کاموقف تھاکہ دفتری وقت بدھ کی شام 4 بجے ختم ہوچکا تھا، تاہم اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی جانب سے اپیلیں دائر کرنیکا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔

آخری اپیل قوم پرست رہنما ایاز پلیجو کیخلاف پیپلزپارٹی کے امیدوار محبوب علی نے ساڑھے 11 بجے شب دائر کی، کراچی،حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویژنوں کی اپیلوں کی سماعت کرنیوالے ٹریبونل کے روبرو2 اپیلیں بذریعہ ڈاک بھی وصول ہوئیں، بذریعہ ڈاک اپیلیں جمع کرانیوالوں میں نوابشاہ سے مولوی محمد عالم مری اور غلام نبی کی اپیلیں شامل ہیں۔



پی ایس47 قاسم آباد سے عوامی تحریک کے امیدوار ایاز لطیف پلیجو کے خلاف پیپلز پارٹی کے محبوب علی ابڑو نے اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایاز لطیف پلیجو نے کاغذات نامزدگی میں 22 جائیدادوں کی مالیت محض25 لاکھ ظاہر کی ہے جو کہ ناقابل یقین ہے جبکہ وہ جس بنگلے میں رہائش رکھتے ہیں اسکی مالیت کروڑوں روپے ہے،اسکے علاوہ ان کی زرعی اراضی کی مالیت کی بھی تحقیقات کرائی جائے،اپیل کنندہ کے مطابق ایاز لطیف پلیجو غلط بیانی کرکے امین و صادق نہیں رہے،اس لیے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے متعلق ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم کرکے ایاز لطیف پلیجو کے کاغذات مسترد کیے جائیں، عذرداریوں کی سماعت 17اپریل تک جاری رہے گی۔