وی بوک بیٹھ گیا تجارتی اشیا کی کلیئرنس میں بڑے پیمانے پر رکاوٹ

کسٹمزہاؤس کراچی کے وی بوک ڈیٹا سینٹر میں بریک ڈاؤن،آپریشنزمتاثر


Irshad Ansari April 15, 2018
کنسائنمنٹس کی بروقت کلیئرنس میں مسائل درپیش ہیں،ممبرزاہدکھوکھرکوبریفنگ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

MUMBAI: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے کسٹمز کراچی کے وی بوک نیٹ ورک ڈیٹا سینٹر میں بریک ڈاؤن کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث کنسائنمنٹس کی کلیئرنس میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوگیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق کسٹمز ہاؤس کراچی کے وی بوک نیٹ ورک ڈیٹا سینٹر میں بریک ڈاؤن پر قابو پانے اور فوری انتظامات کرنے کے لیے ایف بی آر سے فوری طور پر 32 ہزار ڈالرفراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق ایف بی آر کے ممبر کسٹمز زاہد کھوکھر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کسٹمز ہاؤس کراچی کے وی بوک نیٹ ورک ڈیٹا سینٹر میں بریک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے کسٹمز ہاؤس کراچی میں وی بوک آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں اور وی بوک میں آنے والے مسائل کو حل کرنے میں مشکلات درپیش ہیں جس کے لیے فوری طور پر انتظامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وی بوک آپریشنز جاری رکھے جا سکیں اور کنسائنمنٹس کی بروقت کلیئرنس کو یقینی بنایا جاسکے مگر مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے وی بوک نیٹ ورک ڈیٹا سینٹر میں کی بحالی اور اس میں پائی جانے والی خامیاں دور کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کسٹمز ہاؤس کراچی میں وی بوک نیٹ ورک ڈیٹا سینٹر بریک ڈاؤن کے معاملے کی حساسیت و اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایف بی آر سے کہا گیا ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کے حل کے لیے 32 ہزار ڈالر مختص کیے جائیں اور اس حوالے سے ایف بی آر کے چیف ایڈمن کو ذمے داری سونپی گئی ہے کہ وہ مذکورہ فنڈز مختص کرنے کا انتظام کریں تاکہ کسٹمز ہاؤس کراچی میں کنسائنمنٹس کی بروقت کلیئرنس کو یقینی بنانے کے لیے وی بوک نیٹ ورک ڈیٹا سینٹر کو بحال کیا جاسکے اور اس میں نقائص دور کیے جاسکیں تاکہ ملکی برآمدات و درآمدات متاثر نہ ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں