توہین عدالت کیس؛ فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 18 اپريل 2018
سپریم کورٹ کا متعلقہ تھانے کو فیصل رضا عابدی کی حاضری یقینی بنانے کا حکم فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کا متعلقہ تھانے کو فیصل رضا عابدی کی حاضری یقینی بنانے کا حکم فوٹو:فائل

 اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے توہین عدالت کیس میں فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی لیکن ملزم پیش نہ ہوا۔ عدالت نے متعلقہ تھانے کو فیصل رضا عابدی کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کو اگلی سماعت پر پکڑ کر لایا جائے۔

عدالت نے نجی چینل کو بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا جس کے پروگرام میں فیصل رضا عابدی نے عدلیہ مخالف گفتگو کی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس چینل کو شرم آنی چاہیے، کیا یہ آزادی رائے ہے، کیا چینل نے پروگرام نشر ہونے سے پہلے نہیں دیکھا تھا؟۔

چینل انتظامیہ کے نمائندے نے عدالت میں پیش ہوکر کہا کہ پروگرام نشر ہونا ہماری غلطی ہے جس پر معذرت کرچکے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آپ کی معافی قبول نہیں کررہے، اگر غلطی کی ہے تو توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کروائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ پی پی پی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں مبینہ طور پر عدلیہ مخالف گفتگو کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔