100 بااثرشخصیات؛ محمد بن سلمان، ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شامل

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اپريل 2018
مشہور امریکی جریدے ٹائم میگزین نے دنیا کی 100 بااثر شخصیات کا اعلان کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

مشہور امریکی جریدے ٹائم میگزین نے دنیا کی 100 بااثر شخصیات کا اعلان کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

نیویارک: امریکی ہفت روزہ جریدے ٹائم میگزین نے اس سال کی سب سے بااثر شخصیات کی فہرست جاری کردی جس میں بعض دلچسپ حقائق بھی قابلِ غور ہیں کہ ان میں سے 45 مرد اور 45 خواتین کی عمر 40 برس سے بھی کم ہے جبکہ اس فہرست میں ایک 14 سالہ اداکارہ بھی شامل ہے۔ اس فہرست میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ دیپکا پڈوکون کے نام ہیں لیکن پاکستان کی کسی شخصیت کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ٹائم میگزین کی سو بااثر شخصیات کی فہرست میں ٹیکنالوجی فرم کے مالک ایلن مسک،  مشہور پروگرام کی میزبان اینکر اوپرا ونفرے، ٹینس اسٹار راجر فیڈرر،  گلوکارہ ریحانہ،  اداکارہ جینفر لوپیز، فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون،  جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان، بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد، شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان، چینی صدر شی جن پنگ، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو،  لندن کے میئر صادق خان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان،  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، برطانوی شہزاد ہیری، برطانوی شہزادی میگن مارکل، ہالی وڈ اداکار ہیو جیک مین، ہالی وڈ اداکارہ نکول کڈمین اور دیگر شامل ہیں۔ گوگل کے سربراہ ستیا ناڈیل بھی اس سال بااثر شخصیات میں شامل ہیں۔

ٹائم میگزین نے 100 مشہور شخصیات کو دعوت دی ہے کہ وہ 2018ء کی بااثر شخصیات پر اپنی تحریر پیش کریں۔ اس لیے سابق امریکی صدر براک اوبامہ نے امریکی تعلیمی اداروں میں مقامی افراد کے ہاتھوں قتل کے کئی واقعات کے بعد اسلحہ فروش کمپنیوں اور لابنگ فرمز کے خلاف آواز اٹھانے والے نوعمر لڑکے لڑکیوں پر اپنی تحریر لکھی ہے۔ ان میں پارک لینڈ فلوریڈا کے واقعے میں بچ جانے والے اور گنز کے خلاف مہم چلانے والے نوجوانوں کیمرون کووسکی، جیکلن کورن، ڈیوڈ ہوگ، ایما گونزیلز اور ایلکس ونڈ کو بااثر افراد قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں جنسی ہراسمںٹ کے خلاف می ٹو کی مہم چلانے پر ٹیرانہ برک کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔  دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس فہرست میں شامل ہیں اور ان پر مضمون سینیٹرٹیڈ کروز نے لکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔