حالیہ انتخابات کے دوررس نتائج ہوں گےمفتی حماد اللہ

نگراں حکومت عوام کوتحفظ فراہم کرے،سفاک قاتلوںکو لگام دی جائے.


Staff Reporter April 14, 2013
شہر کے باشعور عوام ووٹ کی طاقت کا درست استعما ل کریں گے. فوٹو: فائل

جمعیت علما ئے اسلام (س) کے صوبائی ناظم مفتی محمد حماداللہ مدنی نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات کے دوررس نتائج ہوں گے۔

شہر کے باشعور عوام ووٹ کی طاقت کا درست استعما ل کریں گے،بے گناہوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری لمحہ فکریہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے،دہشت گردوں نے شہرکومقتل بنارکھا ہے لیکن سابق حکومت ان دہشت گردوں کولگام دینے میں ہمیشہ ناکام رہی جو اس حکومت کی نااہلی اورکوتاہی کا ایک بڑا ثبوت ہے، اب قوم کی نظریں نگراں حکومت کی جانب لگی ہیں کہ ان ظالم اور سفاک قاتلوں سے ان کو نجات دلوائے ۔



ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ شفیق الاسلام گلشن اقبال میں مرکزی رہنماعلامہ احمدعلی مدنی کے زیرصدارت صفدر شہید کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجتماع میں جے یوآئی کراچی کے جنرل سیکریٹری اور حلقہ پی ایس 97سے متحدہ دینی محاذ کے امیدوار حافظ احمدعلی مہمان خصوصی تھے جبکہ مولاناغلام مصطفی فاروقی، مولانامشتاق عباسی، مولانا بلال، مولانا منظور، مولانا خالد ہزاروی ،مفتی فیضان شفیع،قاری رمضان ودیگر علمائے کرام اور طلبا نے شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حافظ احمد علی نے کہا کہ جہاں نگراں حکومت کی ذمے داری منصفانہ اور شفاف الیکشن کاانعقاد ہے وہیں اس کافرض ہے کہ ظالم اور سفاک دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے عوام کو ان سے نجات دلائی جائے،انھوں نے کہاکہ 2ماہ سے زیادہ ہوگئے قانون نافذ کرنے والے ادارے جے یوآئی کے کارکنان کے قاتل گرفتار نہیں کرسکے ،اس موقع پر شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی ودعاکی گئی۔