خون کی رگوں کو جوان کرنے والا نایاب اینٹی آکسیڈنٹ دریافت

یہ اینٹی آکسیڈنٹ مائٹوکونڈریا پر اثر انداز ہوکر بوڑھے افراد میں خون کی نالیوں کو جوانوں کی طرح توانا بناتا ہے


ویب ڈیسک April 23, 2018
ایک قسم کا اینٹی آکسیڈنٹ خون کی رگوں کو پھر سے جوان کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

طب کی دنیا سے ایک اچھی خبر آئی ہے کہ ایک خاص قسم کا اینٹی آکسیڈنٹ خون کی نالیوں اور رگوں کو پھر سے نیا کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔ یعنی بوڑھے افراد میں بھی خون کی رگیں جوان بنائی جاسکتی ہیں۔

اس اینٹی آکسیڈنٹ کو MitoQ کا نام دیا گیا ہے جو خصوصاً مائٹوکونڈریا پر اثر دکھاتا ہے جسے خلیات (سیلز) کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا مسلسل چھ ہفتے تک استعمال خون کی رگوں میں بڑھاپے کے اثرات کو ختم کرتا ہے اور ان کی عمر میں 15 سے 20 سال جتنی کمی کرتا ہے۔

یونیورسٹی آف کولاراڈو بولڈر کےماہرین نے اس ضمن میں ایک مطالعہ کیا ہے جس کی تفصیلات امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے ایک تحقیقی جرنل ہائپرٹینشن میں شائع ہوئی ہیں۔ ان سےمعلوم ہوا ہے کہ غذائیت سے بھرپور سپلیمنٹ دل اور خون کی رگوں کے امراض کو روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اگرچہ اینٹی آکسیڈنٹس کی افادیت پر کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں لیکن اس تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ ایک خاص اینٹی آکسیڈنٹ MitoQ دل سے لے کر دماغ تک کی رگوں کو جوان رکھتا ہے اور ان سے وابستہ امراض مثلاً امراضِ قلب اور فالج سے بچاتا ہے۔

اس مطالعے سے وابستہ اہم ماہر ڈاکٹر میتھیو روسمین کہتے ہیں کہ پہلی مرتبہ مائٹوکونڈریا پر اثرانداز ہونے والے کسی اینٹی آکسیڈنٹ پر تحقیق کی گئی ہے جو رگوں کو بہتر بناتا ہے۔ اس کی بنا پر امراضِ قلب کو دور کرنے والے نئے طریقہ علاج میں بھی مدد ملے گی۔

مطالعے میں 60 سے 79 سال تک کے 20 افراد کو بھرتی کیا گیا اور ان میں سے ایک گروپ کو روزانہ MitoQ کی 20 ملی گرام مقدار کھلائی گئی جبکہ بقیہ افراد کو کوئی سپلیمنٹ نہیں دیا گیا اور انہیں ایک فرضی دوا یا پلیسیبو دی گئی۔ چھ ہفتے بعد دونوں گروہوں میں رگوں کی لچک، خون کے بہاؤ اور دیگر پہلو نوٹ کیے گئے۔ اس کے بعد دو ہفتےتک کوئی دوا نہیں دی گئی۔

اس کے بعد جس گروپ کو فرضی دوا دی جارہی تھی اسے اینٹی آکسیڈنٹ سپلیمنٹ دیا جانے لگا اور دوسرے گروہ کو فرضی دوا دی گئی اور یہ عمل بھی چھ ہفتوں کےلیے دوہرایا گیا۔ اس کے بعد دونوں مطالعات سے معلوم ہوا کہ MitoQ سپلیمنٹ سے رگوں کے پھیلنے اور سکڑنے کی شرح 42 فیصد تک بہتر ہوئی جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اتنی جوان ہوگئیں جتنا 15 سے 20 سال قبل تھیں۔

ماہرین نے اس تحقیق کے بعد محتاط اندازہ لگایا کہ MitoQ کے مسلسل استعمال سے دل کے امراض کا خطرہ 13 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں