ویمنزکرکٹ زیڈ ٹی بی ایل 294رنز سے کامیاب

ملتان کیخلاف نین عابدی کی سنچری، ایچ ای سی نے فیصل آباد کوزیر کرلیا.


Sports Reporter April 15, 2013
ملتان کیخلاف نین عابدی کی سنچری، ایچ ای سی نے فیصل آباد کوزیر کرلیا. فوٹو: فائل

آٹھویں قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں زرعی ترقیاتی بینک نے ملتان ریجن کو 294 رنز سے آئوٹ کلاس کردیا، نین عابدی نے سنچری، جویرا خان ، ندا ڈار اور ثنامیر نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ایچ ای سی نے فیصل آباد کو 9 وکٹ سے قابو کیا۔ تفیصلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں ملتان کے خلاف زرعی بینک کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں5 وکٹ پر384 رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ ترتیب دے دیا، نین عابدی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 115 رنز کی اننگز تراشی جس میں 14 چوکے اور2 چھکے شامل تھے، جویرا خان 8 بونڈریز کی مدد سے87 اسکور کرنے میں کامیاب رہیں، ثنا میرنے 33 گیندوں پر 54 رنز بنائے، ندا ڈار ناقابل شکست62 اور رابعہ شاہ43 کے ساتھ نمایاں رہیں، ثناگلزار نے 3 وکٹوں کے حصول کیلیے75 رنز دیے۔



مشکل ہدف کے تعاقب میں ملتان ریجن کی ٹیم 47.1 ایک اوورز میں صرف90 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اریبہ شمیم 33 اسکور کے ساتھ نمایاں رہیں، ندا ڈار نے4 رنز دیکر2 شکار کیے، بسمہ معروف نے7 اور ثنا میر نے27 رنز کے عوض اتنی ہی وکٹیں اپنے نام کیں۔ شاندار سنچری داغنے والی نین عابدی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ای ایم ای گرائونڈ لاہور میںاتوار کو کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں فیصل آباد ریجن کی ٹیم کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ہاتھوں 9 وکٹ کی عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ناکام ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 41.4 اوورز میں11 رنز تک ہی پہنچ پائی، زینب نے 33 رنز بنائے، ماریہ اشرف 14 اور عظمیٰ یوسف 16 رنز کیساتھ نمایاں رہیں، راحمہ حسن نے29 رنز کے عوض 4 بیٹسویمنز کو پویلین کی راہ دکھائی ، اریبہ حسن 21 اسکور دے کر 2 وکٹیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں ۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 27.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، اریبہ قاضی 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں، سدرا امین نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔راحمہ حسن میچ کی بہترین پلیئرکا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔