پنجابالیکشن ڈیوٹی کیلیے ایک لاکھ رضاکار بھرتی کرنیکا فیصلہ

300روپے روزمعاوضہ دیا جائیگا،اب تک کوئی درخواست نہیں ملی،ڈیوٹی افسر.


Numainda Express April 15, 2013
عام انتخابات میںفوری ایکشن کیلیے آرمی کے سینٹرل پوائنٹ قائم کرنیکا فیصلہ. فوٹو:فائل

ISLAMABAD: پنجاب پولیس نے نواز شریف اور شہبازشریف کی سیکیورٹی کم کردی ہے، الیکشن ڈیوٹی کے لیے پنجاب میں ایک لاکھ رضاکار بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

آئی جی پنجاب پولیس آفتاب سلطان نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کے حکم پر دونوں رہنمائوں کی سیکیورٹی میں 40فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن کے احکامات کے تحت عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ باچاخان مرکز کی سیکیورٹی واپس لے لی۔ آئی این پی نے بتایاکہ اے این پی سندھ کے صدر اور سینیٹرشاہی سید اور بشیرجان سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اے این پی کو کراچی میں بڑا جلسہ کرنے سے بھی منع کردیاگیا ہے۔

عام انتخابات میں فوری ایکشن کے لیے آرمی کے سینٹرل پوائنٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ آرمی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کسی بھی کارروائی کے لیے سینٹرل پوائنٹ سے طلب کی جاسکے گی۔ دریںاثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب سلطان نے کہاکہ پنجاب کی تمام ایک لاکھ 70ہزار پولیس فورس الیکشن کی سیکیورٹی کے لیے تعینات نہیں کرسکتے، اسی کے پیش نظر ایک لاکھ رضاکار فورس الیکشن کے لیے بھرتی کی جارہی ہے۔



آفتاب سلطان نے بتایاکہ پنجاب میں 4ہزار پولنگ اسٹیشن حساس نوعیت کے ہیں، بی کیٹیگری کے 4500 اور سی کیٹیگری کے31500 پولنگ اسٹیشن ہیں۔ فارمولے کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 2پولیس اہلکار، 6نئے بھرتی ہونے والے اہلکار جبکہ 8رضاکار شامل ہوں گے۔ 3روز کے لیے تقریباً 300روپے فی یوم کے حساب سے معاوضہ دیا جائیگا۔ آئی جی نے بتایا کہ رضاکا ہزاروں کی تعداد میں بھرتی کئے جائیں گے اور انھیں باقاعدہ ٹریننگ بھی دی جائیگی۔ مختلف اضلاع کے ڈی پی اوز نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس لائن میں درخواستیں جمع کی جائیں گی تاہم لاہور پولیس لائن کے ڈیوٹی افسر ارشاد کا کہناہے کہ ابھی تک کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔