انتخابی کیمپ میں بینرز اور پرچم جلانا قابل مذمت ہےاسد بھٹو

الیکشن کمیشن واقعے کا نوٹس لے کر ملوث عناصر کیخلاف کارروائی یقینی بنائے.


Staff Reporter April 15, 2013
الیکشن کمیشن واقعے کا نوٹس لے کر ملوث عناصر کیخلاف کارروائی یقینی بنائے۔ فوٹو: فائل

گلستان جوہر میں اوکھائی میمن کمپلیکس میں شرپسندوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں لگائے گئے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور بینرز جلادیے،کلمے والے پرچم اور انتخابی نشان ترازو کے بینرز نذرآتش کیے جانے پر کارکنان جماعت اسلامی اور عوام میں شدید اشتعال پھیل گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے اعلامیے کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنماؤںاسداللہ بھٹو اور یونس بارائی نے الیکشن کمیشن سے واقعے کا نوٹس لینے اور شرپسندی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے،انھوں نے کہا کہ گلستان جوہر اوکھائی میمن کمپلیکس کی حدود میںانتخابی مہم کے لیے لگائے گئے کیمپ میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کے پبلسٹی بینرز اور جھنڈوں کو آگ لگایاگیا ہے،انھوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے الیکشن کو طاقت کے زور پر ہائی جیک کرنے کا آغاز قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ ایک جماعت کے ہاتھوں مخالفین کے پروگرامز اور مہم سبوتاژ کرنا کوئی نئی بات نہیں ، ان اوچھے ہتھکنڈوں سے جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے راستے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ہم پرامن انتخابات چاہتے ہیں اس لیے خاموش ہیں،اوکھائی کمپلیکس کو ایک جماعت نے دوسری جماعتوں کے لیے نوگو ایریا بنا دیا ہے،جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے،نگراں وزیراعلیٰ واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور کاروائی کریں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔