100 افراد لاپتہ بازیابی کی درخواستوں پر ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کر دیے

جنید 3سال سے لاپتہ ہے ،والدہ ،شوہر جاوید کو گزشتہ سال ملیر سے اٹھایا گیا تھا، واپس نہیں آئے، درخواست گزارخاتون


Staff Reporter April 27, 2018
سابق آئی جی غلام حیدرجمالی ،فداحسین شاہ ودیگرکی ضمانت کی درخواست پرنیب پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلیے۔ فوٹو : فائل

سندھ ہائیکورٹ نے فائر بریگیڈ کے ملازم سمیت 100 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

دو رکنی بینچ کے روبرو فائر بریگیڈ کے ملازم سمیت 100سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ میرے موکل عاصم کو رینجرزنے 28 اپریل 2015 کو گھر سے اٹھایا تھا، 3 سال گزر گئے مگرعاصم کاکچھ پتہ نہیں ہے۔

اس موقع پردرخواست گزارخاتون نے عدالت کو بتایا 14 ماہ پہلے میری ایک بیٹی کا انتقال ہو گیا اور بیٹے کو بھی ڈاکٹر نے جواب دے دیا ہے اس کہ زندگی کے آخری دن ہے،شوہرکوبازیاب کرایاجائے،دوسری خاتون کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیارکیاگیاکہ میرے شوہر جاوید کو 14 فروری 2017 کو ملیر گھر سے اٹھایا گیا، میری بچی 8 ماہ کی ہوگئی ہے مگر اسے باپ کی شفقت نصیب نہیں ہوئی۔

درخواست گزاردکھی ماں نے کہاکہ میرے بیٹے جنیدکو16مئی 2015 کو اٹھایا گیا 3 سال گزرنے کہ بعد بھی کچھ پتا نہیں چلا، 5 سے 6 جی آئی ٹی بن چکی ہیں مگر ابھی تک بیٹے کا کچھ پتا نہیں چلا، عدالت نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر پولیس کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔

عدالت نے پولیس آفیسرسے مکالمہ میں کہاکہ آپ لوگ کچھ کرتے نہیںبس کاغذی کارروائی دکھاتے رہتے ہیں، عدالت نے ڈی ایس پی سائٹ ارشاد علی سے کہاکہ جب آپ جیکب آباد اور گھوٹکی میں ایس ایچ او تھے تب بھی آپ کی کارکردگی یہ ہی تھی صرف تاریخ لیکر چلے جاتے تھے۔

عدالت نے ریمارکس دیے آئندہ سماعت پر کاغذی کارروائی کیساتھ ساتھ کچھ مواد بھی پیش کیاجائے، عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

علاوہ ازیں سابق ائی جی سندھ غلام حیدر جمالی ،فدا حسین شاہ،غلام نبی کیریو ودیگرکی ضمانت کی درخواست پر پراسیکیوٹر نیب نے دلائل مکمل کرلیے، آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا جواب الجواب دلائل دیں گے۔

سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو سابق ائی جی سندھ غلام حیدر جمالی ،فداحسین شاہ،غلام نبی کیریو اور دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس حقائق پر مبنی ہے۔

ملزمان کے وکلا کی جانب سے کیس کو سیاسی قراردینا حقائق کے برعکس ہے، ملزمان نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا، عدالت نے سماعت3 مئی تک ملتوی کردی، نیب کے مطابق سابق ائی جی غلام حیدر جمالی سابق اے ائی جی فدا حسین شاہ کی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہیں، ملزمان پر جعلی بھرتیوں کے ذٓریعے سرکاری خزانے کو 50 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں