امریکی اداکار بل کوسبی کو جنسی زیادتی کیس میں 10 سال قید کی سزا

بل کوسبی پر 2004 میں باسکٹ بال کی سابقہ کھلاڑی آندریا کونسٹینڈ کو نشہ آور مشروب پلا کر جنسی زیادتی کرنے کا الزام تھا


ویب ڈیسک April 27, 2018
اداکار کو سزا شروع ہونے سے قبل گھر میں رہنے کے لئے 10 لاکھ ڈالر بطور زرِضمانت ادا کرنا ہوں گے۔ : فوٹو : فائل

امریکی عدالت نے مشہور مزاحیہ اداکار بل کوسبی کو جنسی زیادتی کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی ایک عدالت نے معروف مزاحیہ اداکار بل کوسبی کو جنسی زیادتی کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ 80 سالہ بل کوسبی پر 2004 میں باسکٹ بال کی سابق کھلاڑی آندریا کونسٹینڈ کو نشہ آور مشروب پلا کر جنسی زیادتی کرنے کا الزام تھا۔

دوسری جانب بل کوسبی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ آندریا کونسٹینڈ سے تعلقات باہمی رضامندی سے قائم کئے تھے تاہم نشہ آور مشروب پلانے اور زبردستی یا دھوکا دہی سے جنسی زیادتی کے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ بل کوسبی کے وکیل نے بھی آندریا کے الزامات کو رقم کی لالچ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

بل کوسبی کی سزا کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ان کی سزا کب سے شروع ہوگی تاہم جب تک قید کی سزا شروع نہیں ہوتی انہیں گھر میں رہنے کے لئے 10 لاکھ ڈالر بطور زرِضمانت ادا کرنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ بل کوسبی کی وجہ شہرت 80 کی دہائی کی مشہور ٹی وی سیریز 'دی کوسبی شو' بنی اور اس دوران انہیں متعدد بار جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا، موجودہ کیس سے متعلق جون 2017 میں جیوری کسی فیصلے پر نہ پہنچ سکی تھی تاہم اب کوسبی کو مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں