پیپلز پارٹی کا جلسہ شریف آباد میں کاروبار بند رکھنے کا حکم

پیپلز پارٹی کے جلسے کی سیکیورٹی کیلیے کنٹرول روم قائم، پولیس افسران و اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔


Staff Reporter April 28, 2018
کاروبار ہفتے کی رات سے اتوارکی رات گئے تک بند رہے گا،کسی نے دکان کھولی تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی، پولیس۔ فوٹو : فائل

شریف آباد پولیس نے ایف سی ایریا میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی فول پروف سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے 29 اپریل اتوار کو علاقے کی تمام دکانیں اورکاروبار بند رکھنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے ضلع وسطی کے علاقے ایف سی ایریا میں29 اپریل بروز اتوار کو منعقد کیے جانے والے جلسے کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے شریف آباد پولیس علاقے کے تمام ریسٹورنٹس، دکانوں، مارکیٹوں، پٹرول پمپوں اور بس اڈوں کو بند کو بند کرنے سے متعلق دکانداروں کو نوٹس ارسال کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی رات 12 بجے سے ہی دکانیں اور کاروبار بند کردیے جائیں جو اتوار کو بھی بند رہے گا۔

شریف آباد پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹس میں دکانداروں اور دیگر کاروبار سے وابستہ افراد کو تاکید کی گئی ہے کہ اگر کسی نے بھی دکان کھولی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کی جانب سے دکانیں و دیگر کاروبار بند کرانے کے حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات سے دکانیں و کاروبار بند کیے جانے سے انھیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ کئی افراد ایسے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر باہر سے ناشتہ اور کھانا کھاتے ہیں اور ایسے میں پولیس کی جانب سے دکانیں اور ریسٹورنٹ بند ہونے کی وجہ سے وہ کہاں جائیں گے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے دکانیں و دیگر کاروبار بند کر کے اپنی جان چھڑا لی ہے انھیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ شہریوں کو کن مشکلات سے گزرنا پڑے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کی سیکیورٹی کے لیے جلسہ گاہ میں پولیس کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں پر 24 گھنٹے پولیس ڈیوٹی انجام دے رہی ہے۔