بجٹ آئین کے مطابق پیش کیا 4 ماہ بعد بھی ہماری حکومت ہوگی وزیر اعظم

اپوزیشن فکر نہ کرے ،جس نے محنت کی بجٹ پیش کرنا اسکا حق ہے،ایوان میں اپوزیشن کے اعتراضات اور احتجاج کا جواب


وفاقی دارالحکومت میں ذیابیطس مرکز کا افتتاح ،مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل،گورچانی سے ملاقات۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگلی حکومت کا اختیار ہے کہ وہ جیسے چاہے بجٹ میں تبدیلی کر لے تاہم اپوزیشن فکر نہ کرے انشا اللہ 4ماہ بعد بھی حکومت ہماری ہو گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کیلیے درد کا احساس ہے، بجٹ پیش کرنا ہم اپنی ذمے داری سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم نے قائد حزب اختلاف کی جانب سے مفتاح اسماعیل کو وزیر بنانے کے اعتراض پر کہا کہ جس شخص نے محنت کی اس کا حق ہے کہ وہ فلور پر کھڑا ہو کر بجٹ پیش کرے، حکومت کی جانب سے ایک سال کا بجٹ پیش کرنا حکومت کا اختیار ہے تاہم اگلی حکومت چاہے تو اس میں ردوبدل کر سکتی ہے لیکن اپوزیشن فکر نہ کرے انشااللہ چار ماہ بعد بھی ہماری ہی حکومت ہو گی۔

دوسری طرف وفاقی کابینہ نے مالی سال کے بجٹ تجاویز کی منظوری دیدی ہے،گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پیش کئے جانے سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقہ پھلگراں میں جدید سہولتوں کے حامل ذیابیطس مرکز کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذیابیطس ایک بڑا چیلنج ہے اس مرض سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں ذیابطیس کے سنٹرز کھلنے چاہئے تاکہ لوگوں کو علاج ومعالج کی سہولت مل سکے،اس موقع پر وزیراعظم نے مرکز کیلئے10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے مخیئر حضرات پر زور دیا کہ وہ اس سہولت کو وسعت دینے کیلئے فراخدلانہ معاونت کریں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے وزیراعظم ہائوس اسلام آبادمیں ملاقات کی۔

 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں