نواز شریف کی تینوں ریفرنسز میں واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست

تینوں ریفرنسز میں ایک جیسے الزامات ہیں، ایک ساتھ ٹرائل مکمل کریں، وکیل نواز شریف


ویب ڈیسک April 30, 2018
تینوں ریفرنسز میں ایک جیسے الزامات ہیں، ایک ساتھ ٹرائل مکمل کریں، وکیل نواز شریف فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خلاف دائر تینوں ریفرنسز میں نیب کے گواہ واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف پیش ہوئے۔ نواز شریف نے تینوں ریفرنسز میں نیب کے گواہ اور پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب ریفرنسز میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، ہمارا موقف شروع دن سے یہی تھا کہ ایک ریفرنس دائر ہونا چاہیے تھا۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ تینوں ریفرنسز میں ایک جیسے الزامات ہیں، ایک ساتھ ٹرائل مکمل کریں ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں بھی واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرائیں ، ہمارا دفاع ظاہر ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کل جلسہ لاہور کا ، مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا تھا، نوازشریف

نیب پراسکیوٹر سردار مظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ہم پہلے مرحلے میں لندن فلیٹس ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنا چاہتے ہیں، لیکن وکیل صفائی کارروائی کو بلڈوز کرنا چاہتے ہیں، اگر چاہیں تو تفتیشی افسر عمران ڈوگر کا بیان ریکارڈ کرلیا جائے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں تفتیشی افسر کا بیان قلمبند کرنے سے ہمارا دفاع متاثر ہوگا، ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مشترکہ گواہوں کا بیان ایک ساتھ قلمبند کیا جائے، نیب پراسیکیوشن نے واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرانے کے بجائے ایون فیلڈ میں تفتیشی افسر کا نام دیدیا۔

احتساب عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایون فیلڈ ریفرنس میں تفتیشی افسر عمران ڈوگر کا بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ احتساب عدالت نے قرار دیا کہ مکمل جے آئی ٹی رپورٹ کو عدالتی ریکارڈ پر نہیں لایا جاسکتا، تفتیشی افسر جے آئی ٹی کی طرف سے اکٹھی کی گئی دستاویزات کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنوا سکتے ہیں اور رپورٹ میں شامل دیگر متعلقہ دستاویزات بھی پیش کرسکیں گے۔ ریفرنس کی مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں