بدامنی کے باعث شہریوں کا مستقبل غیر محفوظ ہوگیا لیاقت بلوچ

صنعتکاروں‘ تاجروں اورمحنت کشوں پر موت،خوف اورجبرکا ماحول مسلط کردیاگیا ہے، نئی نسل کا مستقبل غیرمحفوظ کردیا گیا ہے.


Staff Reporter August 11, 2012
شہر کی ترقی کیلیے دانشور، قلم کاراور اہل علم کردار ادا کریں، شہادت کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کراچی ہمہ پہلو وہمہ گیر بحرانوں اورمسائل سے دوچار ہے، سندھ اور وفاق میں حکومت اور اتحادی مل کر اقتدارکے مزے لے رہے ہیں جبکہ کراچی میں بے گناہ انسانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نارتھ کراچی میں جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید فاروقی کی یاد میں منعقدہ ''شہادت کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہادت کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر فاروق نعمت اللہ، شہید عبدالرشیدفاروقی کے بھائی، شکیل فاروقی اوردیگر نے خطاب کیا، لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید فاروقی کے اغوا، ٹارچر اور ظالمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شہید کا جرم صرف یہ تھاکہ وہ قتل وغارت گری، بھتہ خوری، اغوا اور ظلم کیخلاف آواز اٹھا کر اقامت دین کی جدوجہد کررہا تھا۔

صنعتکاروں' تاجروں اورمحنت کشوں پر موت، خوف اور جبر کا ماحول مسلط کردیاگیا ہے، نئی نسل کا مستقبل غیر محفوظ کردیا گیا ہے، کراچی کو واپس ترقی کے دھارے اورامن وترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلیے دانشور، قلم کار، سیاسی کارکنان اور اہل علم بیدار ہوں اور اپناکردار ادا کرتے ہوئے حالات کو بدلیں، جماعت اسلامی کراچی کے حالات کی تبدیلی کیلیے انقلابی کردار اداکرے گی۔