مونٹی کارلو ٹینس میٹوسیوک نے ورڈاسکو کوزیر کر لیا

اگلے راؤنڈمیں نڈال سے پنجہ آزمائی،اسٹینسلاس ویورنکا نے ڈینس اسٹومن کوہرا دیا


AFP April 17, 2013
اگلے راؤنڈمیں نڈال سے پنجہ آزمائی،اسٹینسلاس ویورنکا نے ڈینس اسٹومن کوہرا دیا. فوٹو: رائٹرز/فائل

مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس میں آسٹریلوی کھلاڑی مارنکو میٹوسیوک نے فرنانڈو ورڈاسکو کو7-5, 6-3 سے زیر کر لیا، یہ کلے کورٹ پر تقریباً ایک سال میں ان کی پہلی کامیابی ہے، البتہ اب انھیں انتہائی سخت مقابلے کا سامنا ہے اور کنگ آف کلے رافیل نڈال سے پنجہ آزمائی کرنا ہوگی، اسپینش اسٹارکنٹری کلب پر بے مثال نویں چیمپئن شپ فتح کی تلاش میں ہیں۔

وراڈسکو نے میٹوسیوک سے ایک گھنٹے51 منٹ کے مقابلے میں آخری لمحات کے دوران کم بیک کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے، چند ہفتے قبل میونخ میں آخری اے ٹی پی جیت کے بعد آسٹریلوی پلیئر نے گذشتہ مئی میں فرنچ اوپن کوالیفائنگ کے پہلے راؤنڈ میں ایک کلے میچ جیتا تھا۔ مونٹی کارلو میں ایک بائی کے بعد سیکنڈ راؤنڈ میں نڈال 42 ویں جیت کی تلاش میں ہیں۔



11 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن کو2003 میں آخری مرتبہ گلیرمو کوریا نے شکست دی تھی۔ دوسری جانب ٹاپ سیڈ نووک جوکووک یہ فیصلہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں کہ زخمی گھٹنے کے ساتھ بدھ کو کھیلنے کے قابل ہیں یا نہیں، عالمی نمبر ون جوکووک روس کے میخائل یوزنی کیخلاف ایونٹ کا آغاز کریں گے۔ پہلے راؤنڈ کے دیگر مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کے 13 ویں سیڈ اسٹینسلاس ویورنکا نے ازبکستان کے ڈینس اسٹومن کو 6-3,7-5 سے ہرا دیا۔

اسپینش پلیئر البرٹ ریموس نے راڈک اسٹیپنک کو6-3, 6-3 سے پچھاڑا، 34 سالہ جمہوریہ چیک کے کھلاڑی نے آسٹریلین اوپن کے بعد پہلے اے ٹی پی میچ میں حصہ لیا مگر ناکام رہے۔ دوسرے راؤنڈ میں بلغاریہ کے گریگور دمترو نے آٹھویں سیڈ جینکو تپساروچ کو 7-6 (7/3),6-1 سے ہرایا، فرانس کے ساتویں سیڈ رچرڈ گیسکوئٹ نے ہم وطن بینوئٹ پیرے کیخلاف6-1, 3-6, 6-1سے کامیابی حاصل کی، جرمنی کے16سیڈ فلپ کوہلشریبر نے اسپین کے پیبلو اندوجر کو 6-2, 2-6, 7-6 (7/3) سے قابو کیا، فرانس کے6 سیڈ جو ولفریڈ سونگا نے روس کے نکولائی ڈیوڈنکو کو 7-6 (7/3), 6-2سے زیر کر لیا۔