پرویزمشرف کو انتخاب سے روک کر الیکشن کمیشن جانبدار ہوگیا

سربراہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر احتجاجی تحریک چلائینگے،مصطفی خاصخیلی.


Staff Reporter April 17, 2013
سربراہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر احتجاجی تحریک چلائینگے،مصطفی خاصخیلی فوٹو: فائل

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر سردار مصطفی خاصخیلی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے اور اگر ہماری پارٹی کے سربراہ کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا گیا تو کسی بھی پارٹی کے ایک بھی امیدوار کو اسمبلی میں نہیں جانے دیں گے۔

اے پی ایم ایل اپنے سربراہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف آج سے پرامن احتجاجی تحریک کا آغاز کررہی ہے ، پہلے مرحلے میں یہ احتجاج صرف دھرنوں تک محدود ہے،اے پی ایم ایل سندھ سے قومی اسمبلی کی35 اور صوبائی اسمبلی کی 120نشستوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا جلد اعلان کرے گی،مصطفی خاصخیلی پارٹی دفتر میں منگل کو پریس کانفرنس کررہے تھے۔



اس موقع پر عوامی مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری غلام مصطفی آرائیں نے اپنے ساتھیوں سمیت اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا ،مصطفی خاصخیلی نے اس موقع پر کہا کہ جن لوگوں نے اس ملک کو لوٹا ،اربوں کھربوں کی کرپشن کی وہ آج انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ پرویز مشرف پر اب تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے اور نہ ہی انھوں نے کرپشن کی ہے لیکن ایک سازش کے تحت انتخابی عمل سے باہر کیا گیا ہے۔