نوابشاہ میں گرمی نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 2 مئ 2018
یکم مئی کو نوابشاہ میں ماہ اپریل میں بلند ترین درجہ حرارت نوٹ کیا گیا ہے۔ فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

یکم مئی کو نوابشاہ میں ماہ اپریل میں بلند ترین درجہ حرارت نوٹ کیا گیا ہے۔ فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

 واشنگٹن: سندھ کے شہر نوابشاہ میں ماہ اپریل میں ذیادہ درجہ حرارت کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے جو اس سیارے کی معلومہ تاریخ میں کبھی نوٹ نہیں کیا گیا۔

پیر کو نوابشاہ کا اوسط درجہ حرارت 50.2 درجے سینٹی گریڈ یا 122.4 درجے فیرن ہائیٹ نوٹ کیا گیا ہے جو ماہ اپریل کا ایک ریکارڈ ہے یعنی پوری دنیا میں اپریل کے مہینے میں کسی مقام پر اتنا ذیادہ درجہ حرارت نوٹ نہیں کیا گیا ہے۔

فرانس کے ایک ماہرِموسمیات ایٹائنے کیپیکیان نے اپنے اکاؤنٹ پر یہ خبر ٹویٹ کی ہے کہ بحیرہ ہند سے 120 میل فاصلے پر واقع 11 لاکھ کی آبادی کے شہر نوابشاہ میں پیر کے روز 50.2 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ایشیا اور دیگر علاقوں میں بھی گرم ترین دن تھا جو اس سے پہلے کہیں ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

عالمی درجہ حرارت میں تبدیلی کے ایک اور ماہر کرسٹوفر برٹ نے اس سے آگے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہم پورے یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ زمین کے جدید ریکارڈ کے مطابق اپریل میں نوٹ کیا جانے والا سب سے ذیادہ درجہ حرارت بھی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اپریل 2001 میں میکسکو کے شہر سانتا روزا میں 51.0  سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا تھا۔

تاریخ میں دوسری بار نوابشاہ کا اتنا بلند درجہ حرارت دیکھا گیا ہے، اس سے قبل گزشتہ ماہ مارچ کے اختتام پر یہاں کا درجہ حرارت 45.5 سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا تھا جو ایک ہیٹ ویو کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ایشیا کے کئی شہروں میں بھی 29 سے 31 مارچ تک بلند درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ اپریل کے مہینے میں ہی بحرِہند میں گرمی کا ایک مقام یا دباؤ بھی نوٹ کیا گیا تھا۔

نوابشاہ کے افراد نے گرمی کی اس شدت کو ناقابلِ برداشت بتایا اور کئی درجن افراد اس سے بے ہوش بھی ہوئے جب کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ان شہریوں پر مزید قیامت ڈھائی اور کئی افراد کو اسپتالوں میں لایا گیا۔ عین اسی دن نئی دہلی کا درجہ حرارت بھی 42 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔