پاکستان میں ہر سال 50 ہزار افراد بینائی سے محروم ہونے لگے

ذیابیطس کی وجہ سے آنکھوں کے امراض میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے،ڈاکٹر شریف ہاشمانی


Staff Reporter May 05, 2018
سری لنکاکی آئی ڈونیشن سوسائٹی پاکستان کو ہر سال آنکھوں کے200 قرنیے عطیہ کرے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں سالانہ 50 ہزار افراد بینائی سے محروم ہورہے ہیں جب کہ ذیابیطس کے مرض کی وجہ سے آنکھوں کے امراض میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ سری لنکاکی آئی ڈونیشن سوسائٹی پاکستان کو ہر سال آنکھوں کے 200 قرنیے عطیہ کرنے کا معاہدہ کر لیا جو ضرورت مند مریضوںکو مفت لگائے جائیںگے، یہ آپریشنز ہاشمانیز میڈیکل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اسپتالوں میں کیے جائیں گے۔

ہاشمانی میڈیکل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی مدد سے سری لنکا آئی ڈونیشن سوسائٹی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، آنکھوں کی پیوندکاری کے اس آپریشن کے عام طور پر اخراجات دو لاکھ روپے ہوتے ہیں تاہم ضرورت مندوںکویہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی جس سے انھیں مکمل زندگی گزارنے کا ایک نیا موقع ملے گا۔

چیئرمین ہاشمانیز میڈیکل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے جمعہ کو ہاشمانیز اسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ اب تک وہ قرنیے آنکھوں کی پیوندکاری کی تبدیلی کے 6 آپریشن کامیابی سے کر چکے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ بینائی سے محروم غریب مریضوں کو مفت لگائی جائی گی اس کے اخراجات مکمل طور پر فاؤنڈیشن کی جانب سے برداشت کیے جاتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ہاشمانیز میڈیکل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن 1979 سے آنکھوںکی دیکھ بھال اور عام علاج کی اعلیٰ معیارکی سہولیات فراہم کر رہی ہے، فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں آنکھوں اور جنرل مفت کیمپ ہزاروںکی تعداد میں لگائے جاتے ہیں، اب تک ایک لاکھ سے زائد آپریشنز کیے جا چکے ہیں۔

ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کے تحت کراچی میں پانچ اسپتال صدر، کلفٹن، گلستان جوہر، نارتھ کراچی اور رنچھوڑ لائن میں خدمات انجام دے رہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کا زیادہ تر انحصار زکوٰۃ اور عطیات پر ہوتا ہے،صرف آئی او ایل کے ایک آپریشن پر 10 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ ہم ہر ماہ 40لاکھ روپے اس پر خرچ ہوتے ہیں، اس طرح وی آر سرجری کا خرچہ 50ہزار ہوتا ہے۔ یہ بھی ہم ہر مہینے 60کیسز کر رہے ہیں جس پر 30لاکھ روپے خرچ ہورہے ہیں۔