مہاجروں کو اپنی بقا کے لیے صوبہ چاہیے آفاق احمد

مہاجر محب وطن ہیں انھیں کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ


Staff Reporter May 07, 2018
ضلع وسطی کا نام تبدیل کر کے ضلع لیاقت آباد رکھا جائے، لیاقت آباد فلائی اوور پر پہلے جلسے سے خطاب۔ فوٹو: آن لائن

مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ مہاجروں کواپنی بقا کے لیے صوبہ چاہیے اور اب ہم جنوبی سندھ صوبہ تحریک کا آغا زکررہے ہیں۔

کراچی کے لیاقت آباد فلائی اوور پر منعقدہ اپنے پہلے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ آج یہاں پر میں کوئی بڑی سیاسی گفتگو کرنا نہیں چاہتا ہوں۔میں شہدا اردو کی قبروں پر بھی گیا تھا۔آفاق احمد منافق نہیں ہے اور جیل سے رہائی کے بعد اپنے والد کے بعد شہدائے اردو کی قبروں پر فاتحہ پر گیا۔ انھوں نے میری قوم کو اور زبان کو بچایا ہے۔شہدائے اردونے میری قوم کو بے زبان ہونے سے بچایا۔ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

آفاق احمد نے کہا کہ لیاقت آباد ٹنکی گراؤونڈ میں جلسے میں پیپلز پارٹی نے زہرافشانی کی لیکن میں اس کو بنیاد بنا کر زہرافشانی نہیں کرنا چاہتا ہوں۔ میں ہمیشہ سے کہتاہوں کہ پیپلز پارٹی مہاجروں کی نہیں وڈیروں کی جماعت ہے۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں تاج حیدر ،پرو فیسر این ڈی خان ،اور وقار مہدی نے اپنی زندگیاں دی۔اگر پیپلز پارٹی مہاجروں کی جماعت ہوتی تو تاج حیدر جیسا وزیراعلیٰ ہونا چاہیے تھا۔ اگر پیپلز پارٹی مہاجروں کی بھلائی کی بات کرتے ہیں توغلط ہے۔ کیا چیز ایسی ہے جو ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ایک ہیں۔ جب اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات ہوئی تو مجھے معلوم ہوا کہ ان دونوں میں پاک فوج کے لیے زہر بھرا ہوا ہے اور یہ میری پاک فوج کے خلاف زہر افشانی کرتے ہیں۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم کولوگوں کا احساس ہوتا تو جب شہری اداروں کو سندھ گورنمنٹ کے ماتحت کر دیا گیا جب سندھ سے لوگوں کو بھرتی کر کے یہاں بھیجا گیا تو اس وقت ان کو دکھ کیوں نہیں ہوا۔ تم نے خود کو مہاجر کہنے سے گریز کیا تھا۔اس وقت کو یاد کرو۔ جب تمہاری پارٹی میں کوئی مہاجر کا نعرہ بلند کرتا تھا تو تم جوتوں سے اس کی پٹائی کرتے تھے۔ انتخابات قریب آتے ہی مہاجر کا نعرہ لگایا جارہا ہے۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ میانوالی کا شخص کہتا ہے کہ میں نے یہاں پر الیکشن لڑناہے لیکن اس نے کبھی ہمدردری کے کبھی دو بول نہیں بولے۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں قتل ہونے والے لوگ کیا جانور تھے جبکہ ماڈل ٹاؤن کے لوگوں کے لیے اے پی سی بلائی گئی۔کسی سیاسی جماعت نے کبھی اس شہر کے لوگوں کے مرنے والوں کے لیے دو بول بھی نہیں بولے۔

آفاق احمد نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن فیکڑی میں میری ماؤن بہنوں کو قتل کر دیا گیا ہے لیکن ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ اب 12 مئی کا دوبارہ ڈھونگ کیا جائے گا۔ مجھے کہتے ہیں مہاجر کچھ نہیں ہوتا ہے پاکستانی بن کر رہو۔اس شہر مین مہاجر اور آفاق کے نام پر کالک ملی گئی۔اس مہاجر قوم سے کون سے دشمنی نکال رہے ہولیکن میں ہر مرتبہ کہتاہوں کہ صرف مہاجر چلے گا کچھ اورنہیں ہوگا۔میں کل وقتی مہاجر ہوں برساتی مینڈکوں کی طرح مہاجرنہیں ہوں۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ تم مجھے مشورہ دیتے ہو کہ پاکستانی بن کر رہومیں بتانا چاہتاہوں کہ ہم پہلے پاکستانی تھے بعد میں مہاجر بنا ہوں۔میں سندھی،بلوچ پٹھان اور پنجابی نہیں تھا تو میں اپنی شناخت کے لیے مہاجر ہوں۔انھوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم ختم ہونا چاہیے۔

آفاق احمد نے کہا کہ میری قوم کو طعنہ دیا جاتا ہے کہ میری قوم میں سے کسی نے پاکستان کے خلاف بات کی مانتا ہوں اور کہتا ہوں جس نے پاکستان کے خلاف بات کی اس کو ٹانگ دو لیکن میری قوم کو اس کی سزا نہ دو۔میری قوم کو پاک فوج کے ساتھ جدوجہد کی سزا دی جارہی ہے۔ میری مائیں اور بہینیں بوڑھی ہوچکی ہیں لیکن وہ آج بھی پاکستان آنے کے لیے پرامید ہیں۔پاکستان کی حکومت انھیں پاسپورٹ جاری کرے میں ان کے لیے چندہ جمع کروں گا۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ مردم شماری میں ایک کروڑ سے زائد مہاجرغائب ہوگئے۔شہری علاقوں میں آبادی بڑھتی ہے لیکن اس کے برعکس مہاجر قوم سے دشمنی کے لیے شہری آبادی کو کم کر دیا گیا۔مہاجر قوم کو کوئی تبدیل نہیں کرسکتا ۔کبھی آفاق ہوگا،کبھی عامرخان اورکبھی کوئی اور ہوگا لیکن یہ قوم متحد رہے گی۔انھوں قرارداددیں منظورکرائیں کہ جہاں بھی اضلاع بنتے ہیں وہاں کہ لوگوں کی قربانیوں کو دیکھ کر بنائے جاتے ہیں۔ضلعی وسطی کا نام تبدیل ہوناچاہیے اور اس ضلع کا نام تبدیل کر کے شہید وزیراعظم لیاقت علی خان کے نام ضلع لیاقت آباد ہوناچاہیے۔

آفاق احمد نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے والے بشمول کے الیکٹرک کو حکومت اپنی تحویل میں لے کر شہری اداروں کے حوالے کرو۔انھوں نے کہا کہ پانی مسئلہ بہت اہم ہے ،آنے والے وقت میں لوگوں کوپانی کی بوند بوند کو ترسنا پڑے گا۔بھارت ڈیم بنا رہا ہے۔اب اس کے علاوہ کوئی اور حل نہیں کہ تم بھی ڈیم بناؤ۔بھارت اس پانی پر ڈیم بناتا ہے جس پر ہم نے کالا باغ ڈیم بنانا ہے۔ اس پاکستان کی بقا خطرے میں ہے۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ جو جمہوریت کی باتیں کرتے ہیں اس کا سر براہ آمر تھا۔انھوں نے اس صوبے کو دو اکائیوں میں تقسیم کیا تھا۔ایک اکائی کو آئین میں کوٹا سسٹم میں تسلیم کیا گیا ہے لیکن اس کے پاس اپنی اسمبلی نہیں ہے۔

آفاق احمد نے مزید کہا کہ اب منزل واضح ہونے چاہیے۔ اب اپنی منزل پانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔آج سے جنوبی سندھ صوبے کی تحریک کاباقاعدہ آغاز کریں گے۔ابھی دستخطی مہم کا آغاز کریں گے اور رمضان کے بعد باقاعدہ جنوبی سندھ صوبہ تحریک کا آغاز کریں گے۔اس الیکشن میں مہاجروں کو سوچ کر فیصلہ کرنا چاہیے اور مہاجر نام پر ووٹ پڑنا چاہیے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں